بھارت سے آئے ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے واپس روانہ ہو گئے

پاکستان سے ملنے والے پیار و محبت کو کبھی نہیں بھول سکتے، الوداع کے موقع پر جذباتی مناظر

جمعہ 11 مارچ 2016 17:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 مارچ۔2016ء) مہاشو راتری کے لیے بھارت سے آئے ہندو یاتری پاکستان سے حسن سلوک اور بہترین مہمان نوازی کی حسین یادیں لیے واہگہ بارڈر کے راستے واپس روانہ ہو گئے،پاکستان سے ملنے والے پیار و محبت کو کبھی نہیں بھول سکتے، الوداع کے موقع پر جذباتی مناظر۔ہندو یاتریوں نے اپنی 8روزہ مہا شو راتر ی کی تقریبات کٹاس راج مندر میں منائیں اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات میں بہتری اورمذہبی رواداری کے پیش نظر مہمانوں کے لیے سیکورٹی سمیت تمام تر سہولیات میسر کئی گئیں تھی۔

گزشتہ شب چیئرمین بورڈ محمد صدیق الفاورق کی رہائش گاہ پر ہندو یاتریوں کے اعزاز میں پر وقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں ہندو خواتین و مرد حضرات جذبہ خیر سگالی کے طور پر پاکستانی اور انڈین گانوں پر ڈانس کر تے رہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں سردار شام سنگھ ، سینئر صحافی سلمان غنی ،معروف کالم نگار رؤف طاہر ،سیکرٹری بورڈ جاوید بشیر ،،خالد علی ،وہاب گل ،پی آر او عامر حسین ہاشمی ،گلریز چوہدری ہندو رہنما ڈاکٹر منور چاند،فراز عباس ،عمران خان سمیت بورڈ کے دیگر افسران اور اقلیتی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق نے کہا کہ ہر مذہب انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے ، ہر قوم کو اپنا اپنا مذہب اور اپنا اپنا ملک مبارک لیکن اپنی اپنی حدود میں رہتے ہوئے انسانیت کے رشتے کو پیار اور محبت سے قائم رکھنا چاہیے۔

وزیر اعظم میاں نواز شریف خطے میں امن کے خواہاں ہیں اور وہ بھارتی وزیر اعظم مودی سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ قیام امن کے لیے کوششیں تیز کریں،انہوں نے کہا کہ ہر مذہب انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے تمام اختلافات کو ختم کر کے ہمیں اپنی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنا چاہیے تاکہ خطے کا سرمایہ صرف یہاں کے عوام کے ترقی کے لیے خرچ ہو،مسائل کا خاتمہ ہو اور پوری دنیا میں محبت کا پیغام جائے گا۔

یاتریوں کے پارٹی لیڈر ستیش کمار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہترین مہمان نوازی پرہم وزیر اعظم پاکستان اورچیئرمین بورڈصدیق الفاورق کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،لاہور دنیا کا خوبصورت شہر ہے اسکی خوبصورتی کی دنیا میں مثال نہیں ملتی یہاں کے لوگ خوش اخلاق اور زندہ دل ہیں ،ہم یہاں ملنے والی عزت کو کبھی نہ بھول پائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارت واپس جا کر دونوں ملکوں کی پیار اور محبت کے رشتہ کو بڑھانے کی ترجمانی کریں گے تاکہ سرحدوں کی فاصلے کم ہوں ۔

واہگہ بارڈر پر ہندؤ یاتریوں کو ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز خالد علی ،فراز عباس و دیگر بورڈافسران نے الوداع کیا ،بھارت واپس جاتے ہوئے ہندو یاتریوں واہگہ بارڈر پر پاکستان زندہ باد ،وزیر اعظم نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگاتے واپس لوٹ گئے۔

متعلقہ عنوان :