زبردستی دکانیں بند کروانے کے الزام میں ملوث 4ملزمان کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور

جمعہ 11 مارچ 2016 15:14

راولپنڈی۔11 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 مارچ۔2016ء)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ممتاز قادری کی پھانسی کے بعد احتجاج کے دوران زبردستی دکانیں بند کروانے کے الزام میں ملوث 4ملزمان کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا ۔

(جاری ہے)

ملزمان ضیاء الرحمن نورانی ولد داؤد حقانی ، مسعود احمد ولد منور حسین ،عارف ولد محمد یوسف اور محمد رمضان ولد حافظ رفاقت علی کو پولیس تھانہ سٹی اٹک نے ممتاز قادری کی پھانسی کے بعد ہونے والے احتجاج کے موقع پر دکانداروں کو زبردستی دکانیں بند کرنے پر مجبور کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا ۔

ملزمان کو انسدا د دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ۔فاضل عدالت کے جج آصف مجید اعوان نے ملزمان کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے سماعت 25مارچ تک ملتوی کر دی ۔دریں اثناء انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج آصف مجید اعوان نے نیٹو آئل ٹینکر کیس میں ملوث ملزمان علی عمران کے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے گواہان مکمل نہ ہونے پر سماعت 18مارچ کی آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی ۔