چارسدہ ‘ سیکیورٹی چیک پوسٹ پر نہ رکنے پر پولیس نے بنوں کے ایڈیشنل کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ کردی

گاڑی الٹ گئی ‘ ایڈیشنل کمشنر سمیت ڈرائیور اور گن مین زخمی ‘ ہسپتال منتقل

جمعہ 11 مارچ 2016 14:58

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مارچ۔2016ء) چارسدہ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر نہ رکنے پر پولیس نے بنوں کے ایڈیشنل کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ذرائع کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اور گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایڈیشنل کمشنر سمیت ڈرائیور اور گن مین زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق چارسدہ کے تھانہ خان مئی کی حدود میں بنوں کے ایڈیشنل کشمنر دولت خان ہفتہ وار تعطیل پر آبائی علاقے درگئی جا رہے تھے کہ پولیس نے انھیں ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا۔

ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے اس کی رفتار بڑھا دی جس پر پولیس نے گاڑی کا تعاقب کیا، جب ڈرائیور نے راستہ تبدیل کیا تو پولیس نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور بعد ازاں گاڑی کے ٹائر کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

پولیس کی فائرنگ سے گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ الٹ گئی، جس کے بعد شناخت ہو سکی کہ در حقیقت گاڑی میں ایڈیشنل کمشنر بنوں سوار تھے تاہم گاڑی نہ روکنے کی وجوہات سامنے نہ آ سکیں۔

گاڑی الٹنے سے ایڈیشنل کمشنر بنوں دولت خان سمیت ڈرائیور اور گن مین زخمی ہوئے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) رضا محمد خان نے تینوں زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا، زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی تھیں، جنھیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا جس ے بعد وہ دوبارہ درگئی روانہ ہو گئے، تاہم واقعہ کا کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق افغانستان سے خیبر ایجنسی اور بنوں کے راستے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ روکنے کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے سیکیورٹی سخت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :