وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن کی قیادت میں وفد کی 50 ویں بین الاقوامی سیاحتی میلہ میں شرکت

جمعرات 10 مارچ 2016 22:32

اسلام آباد۔ 10 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مارچ۔2016ء) حکومت گلگت بلتستان کا ایک وفد وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن کی قیادت میں برلن میں 50 ویں بین الاقوامی سیاحتی میلہ میں حصہ لے رہا ہے جو کہ 7 مارچ تک جاری رہے گا۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا سیاحتی میلہ ہے جس میں دنیا بھر سے 180 ممالک اور تقریباً 10 ہزار سیاحتی نمائش کنندگان آئی ٹی بی میں حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستان پویلین کی اختتامی تقریب کا انعقاد 9 مارچ کو ہوا جس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، سفیر پاکستان جوہر سلیم نے حصہ لیا۔ پاکستان میں پو یلین کھپلو قلعہ محل کی تاریخی عمارت کے ماڈل پر تیار کیا گیا تھا جو کہ نمائش کے دوران لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ نمائش کے دوران رنگین پوسٹروں، ویڈیو فلموں اور شمالی علاقے کے لزیز خشک میوہ جات کے ذریعہ پاکستان کی سیاحت کو اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے دوسرے پویلینز کا بھی دورہ کیا اور مختلف ممالک کے سیاحتی نمائندوں سے بات چیت کی۔ آئی ٹی بی ایک انتہائی کامیاب تجربہ ہے۔ 1966ء میں پانچ ممالک کی شرکت سے شروع ہونے والی یہ نمائش گزشتہ پانچ دہائیوں میں بین الاقوامی اہمیت کی حامل ہو چکی ہے۔ پا کستان 1968ء سے اس میں حصہ لے رہا ہے۔ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے اس میلہ کا مستقل رکن بن گیا ہے۔ گزشتہ سال 23 ہزار کنونشن زائرین، 50 ہزار نجی زائرین، ایک لاکھ پندرہ ہزار تجارتی سرمایہ کاروں نے حصہ لیا اور تقریباً 6.7 ارب یورو کی تجارت ہوئی۔