لیاری ایکسپریس وے شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے حوالے سے ایک اہم سفری راستہ ہے ، گورنر سندھ

لیاری ایکسپریس وے کا دوسرا ٹریک جلد از جلد کھولنے کی ضرورت ہے تاکہ شہری اسے استعمال کر سکیں ،اجلاس کی صدارت

جمعرات 10 مارچ 2016 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مارچ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے حوالے سے ایک اہم سفری راستہ ہے اس لئے اس کا دوسرا ٹریک جلد از جلد کھولنے کی ضرورت ہے تاکہ شہری اسے استعمال کر سکیں ، ایک طویل عرصے سے التواء میں پڑے ہوئے اس مسئلہ کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری ایکسپریس وے کے دوسرے ٹریک پر کام کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو ، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد افضل ، سیکریٹری بلدیات نو ر محمد لغاری ، کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ دوسرے ٹریک کاجو حصہ تعمیراتی کام کے لئے دستیاب ہے اس پر فوری طور پر کام کا آغاز کیا جائے اور باقی حصہ کے رائٹ وے کے حصول کے ضمن میں عدالتی اسٹے آرڈر اور متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی جیسے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ دوسرے ٹریک کے باقی 5.3 کلومیٹر میں سے 4 کلومیٹر جو کہ رائٹ وے کے تحت دستیاب ہے اس پر تعمیری آغاز کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکمہ اور ادارے سے باہمی مشاورت سے اقدامات کریں ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ضلع غربی اور ضلع شرقی میں واقع ایکسپریس وے کے باقی رہ جانے والے حصوں کی تعمیر کے لئے دونوں اضلاع کی انتظامیہ آپس میں قریبی رابطہ رکھیں ۔

گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ میانوالی کالونی میں واقع 860 میٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا جس پر کام کا آغاز اگلے ہفتہ سے کیا جا ئے گا ۔ گورنر سندھ کو مزید بتایا گیا کہ عدالت میں موجود اسٹے آرڈر کا فیصلہ بھی اگلے ہفتہ تک ہو جائے گا کیونکہ متاثرین کو دیئے جانے والے معاوضہ کی رقم پہلے ہی ہائیکورٹ کے ناظر کے پاس جمع ہے ۔ دریں اثناء گورنر سندھ نے لیاری ایکسپریس وے اور ایم نائن موٹر وے کا فضائی معائنہ کیا ۔ صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

متعلقہ عنوان :