وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا

عوام کو ہرسطح پر بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے بنیادی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں،وسائل کے درست اور بروقت استعمال کے لئے بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جدت لانا ہو گی،ماہرین معاشیات کی سفارشات کی روشنی میں پالیسی گائیڈ لائن کی تیاری میں مدد ملے گی،وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 10 مارچ 2016 22:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہواجس میں صوبے کے عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی، سرکاری محکموں کی استعداد کار میں اضافے اور سماجی شعبوں کی بہتری کے حوالے سے متعدد تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-اجلاس کے دوران ملکی و غیر ملکی ماہرین معاشیات کی سماجی شعبوں کی بہتری ، وسائل میں اضافے ، ٹیکس نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف ریسرچ پر تبادلہ خیال بھی ہوا-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو ہرسطح پر بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے کئی بنیادی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں - تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں - انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم ہربچے کا حق ہے اور پنجاب حکومت فروغ تعلیم پر اربوں روپے کے وسائل صرف کر رہی ہے - پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے مستحق اور ذہین طلباء و طالبات کو اعلی تعلیمی اداروں میں حصول تعلیم کے لئے سکالرشپ دیئے جا رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ صوبے میں ای گورننس کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں- انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے نہ صرف عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے بلکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے - پنجاب حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور مختلف محکموں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دیا گیا ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی، وسائل کے درست اور بروقت استعمال کے لئے بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جدت لانا ہو گی اور ماہرین معاشیات کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کی روشنی میں پالیسی گائیڈ لائن کی تیاری میں مدد ملے گی- صوبائی وزراء عائشہ غوث پاشا، راجہ اشفاق سرور، چوہدری محمد شفیق ، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی،رکن صوبائی اسمبلی مخدوم ہاشم جوان بخت، متعلقہ سیکرٹریز، اعلی حکام اور ملکی و غیر ملکی ماہرین معاشیات نے اجلاس میں شرکت کی-