مصطفی کمال کے الزامات کی حقیقت کو منظر عام پر لانے ،جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب

جمعرات 10 مارچ 2016 22:01

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مارچ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے مصطفی کمال کے الزامات کی حقیقت کو منظر عام پر لانے اور جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب کر لئے۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار بیرسٹر علی گیلانی نے عدالت میں موقف اختیار کیاکہ ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف پارٹی کے باغی ہونے والے رہنماؤں نے سنگین نوعیت کے الزامات عائد کئے ہیں لہٰذاحقائق پہنچنے کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے قائد پر الزامات لگانے والے بھی شریک ملزم ہیں۔مصطفی کمال کے بیانات اور الزامات اعتراف جرم کے زمرے میں آتے ہیں۔انہوں نے عدالت سے استدعاکی کہ تمام الزامات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے اور جوڈیشل کمیشن کے فیصلہ تک مصطفی کمال سمیت ایم کیوایم کے موجودہ اورسابق رہنماؤں کانام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔جس پر عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 17مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کو درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق مزید دلائل کے لئے طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :