پاکستانی موبائل صارفین کا ڈیٹا امریکی خفیہ ایجنسیوں کو فراہم کرنے کیخلاف درخواست پر دفاع، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارتوں اور موبائیل کمپنیوں کو نوٹس جاری

جمعرات 10 مارچ 2016 22:01

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مارچ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستانی موبائل صارفین کا ڈیٹا امریکی خفیہ ایجنسیوں کو فراہم کرنے کیخلاف درخواست پر وزارت دفاع، وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی اور موبائیل کمپنیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے ایڈوکیٹ شاہد جمال تبریزی کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی موبائل کمپنیاں مبینہ طور پر پاکستانی شہریوں کی جاسوسی کر رہی ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملکی موبائل کمپنیاں صارفین کا ہر قسم کا ڈیٹا امریکی حکام اور کمپنیوں کو فراہم کر کے اربوں روپے کما رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کے اس اقدام کے باعث امریکی خفیہ اداروں کی اعلی عسکری حکام ، حکومتی افسران اور اہم شخصیات کے موبائل ڈیٹا تک دسترس ہو چکی ہے اور امریکی ادارے انہی معلومات کی بنا ء پر پاکستان میں خفیہ کارروائیاں کر رہے ہیں جس کی بناء پر موبائل کمپنیوں نے ملکی سالمیت کو داو پر لگا دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پاکستانی کمپنیوں کی جانب سے موبائل ڈیٹا امریکہ کو فراہم کرنے کے معاملے کے تحقیقات کی جائیں اور اس حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔جس پر عدالت نے فریقین کو تین ہفتوں کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :