موٹروے پولیس کی کار کردگی پر پوری قوم کو فخر ہے،خالد مسعودچوہدری

ڈرائیوروں کی اچھی تربیت سے ہی حادثات پر قابو پا سکتے ہیں،وفاقی سیکرٹری مواصلات

جمعرات 10 مارچ 2016 20:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مارچ۔2016ء) وفاقی سیکر ٹیری مواصلات خالد مسعود چوہدری نے کہا کہ موٹروے پولیس عوام کی جو خدمت کر رہی ہے وہ ان کی پیشہ وارانہ کار کر دگی اورقابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ موٹروے پولیس ایک مثالی ادارہ ہے اور اس کی کار کردگی قابل تعریف ہے۔ جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس حادثات میں کمی اور سڑک پر سفر کرنے والوں کی جانوں کی حفاظت کر کے اعلیٰ پیشہ وارانہ کارکر دگی کا ثبوت دے رہی ہے۔

موٹروے پولیس نے معیاری ڈرائیونگ کی تربیت کیلئے ضلعی سطح پر جو روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کئے ہیں ۔وہ صحیح سمت کی طرف بہترین قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیوروں کے اچھی تربیت سے ہی ہم حادثات پر قابو پا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

موٹروے پولیس کی طرف سے بھاری گاڑیوں کے ڈرائیوروں کیلئے ریفرشر کورسز ایک بہت مثبت پیش رفت ہے ۔ جس سے یقینا حادثات کی روک تھا م میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ نادرا کے ذریعے دوسرے صوبوں کے ڈرائیونگ لائسنسنگ سسٹم کو موٹروے پولیس کے ڈرائیونگ لائسنسنگ سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ پورے ملک کی ڈرائیونگ لائسنسنگ کا ڈیٹا قومی سطح پر موجود ہو۔ اس معاملے کو اگر ضرورت پڑ ی تو کونسل آف کامن انٹرسٹ میں لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے حکم کے باوجود موٹروے پولیس کی تنخواہوں میں جو اضافہ نہیں کیا گیا اس معاملے کو دوبارہ اعلیٰ سطح پر اٹھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹروے پولیس ہیڈ کواٹرز میں موٹروے پولیس کی طرف سے دی گئی محکمانہ بریفنگ کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کے پیشہ وارانہ مسائل کو جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے موٹروے پولیس کی طرف سے پاک چائنہ اکنامک کور ی ڈور پر کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے کہا کہ انتھک محنت اور بہترین کاکردگی سے موٹروے پولیس پاکستان کی بہترین اور معیاری ٹریفک ریگولیشن اور انفورسمنٹ ادارہ کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے عوام کی اخلاقی اور دوران سفر مشکل میں مدد کا کلچر پیش کرکے پولیس اور عوام کے درمیان حائل فاصلوں کو دور کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کے ڈرائیونگ لائسنسنگ سسٹم کو جلد ISO-17024کا درجہ حاصل ہو جائے گا۔ جس سے اس کو International statusبھی مل جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹیری مواصلات کو بتایا گیا کہ موٹروے پولیس 2898کلومیٹر پر پیٹرولنگ کر رہی ہے ۔

جس میں 679کلومیٹر موٹرویز اور 2219 کلومیٹرہائی ویز شامل ہیں۔سیکرٹیری مواصلات کو بتایا گیا کہ اس وقت موٹروے پولیس کو پیٹرولنگ گاڑیوں اور نفری کی شدید کمی کا سامنا ہے۔انہیں بتایا گیا کہ موٹروے پولیس اپنے موجودہ وسائل سے اسلام آباد مری ایکسپریس وے ، M-4فیصل آباد گوجرہ اور ملتان خانیوال سیکشن کے علاوہ لیاری ایکسپریس وے اور ناردن بائی پاس کراچی پر پیٹرولنگ کر رہی ہے۔

جس کیلئے سیکرٹیری مواصلات نے یقین دلایا کہ ان کے یہ مسائل جلد دور کردئیے جائیں گے۔سیکرٹیری مواصلات کو بتایا گیا کہ موٹروے پولیس نے ضلع کی سطح پر پورے ملک میں روڈ سیفٹی ٹرنینگ انسٹی ٹیوٹ قائم کئے ہیں جہاں بہترین معیار کی ڈرائیونگ ٹریننگ مہیا کی جا رہی ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ موٹرویز پر ای ٹیکٹنگ سسٹم شروع کر دیا گیا ہے جسے جلد ہی پورے پاکستان میں ہائی ویز پر بھی ای ٹکٹنگ کا نظام شروع کردیا جائے گا۔ اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس نے وفاقی سیکرٹیری مواصلات خالد مسعود چوہدری کو محکمے کی شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :