این اے قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل کا اوپی ایف ویلی زونV- اسلام آباد پر ترقیاتی امور پر اطمینان کا اظہار

مالکان کو جلد از جلد پلاٹوں کا قبضہ دیا جائے، اوپی ایف کو ہدایت

جمعرات 10 مارچ 2016 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل نے اوپی ایف ویلی زونV- اسلام آباد پر جاری ترقیاتی امور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اوپی ایف کو ہدایت کی کہ جلد از جلد مالکان کو پلاٹوں کا قبضہ دیا جائے۔گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل کا اجلاس اوپی ایف ویلی زونV- اسلام آبادپر میر عامر علی خان مگسی کی سربراہی میں منعقد ہوا ۔

وفاقی وزیربرائے سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی، وفاقی سیکرٹری وزارت سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل،ریونیو ڈیپارٹمنٹ،پولیس ،اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)اور انٹیلی جنس بیورو،ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف حبیب الرحمن خان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ کرنل حامد انور نے اجلاس کے شرکاء کو ہاؤسنگ سکیم پر جاری ترقیاتی امور سے متعلق بریفنگ دی اور انہیں بتایا کہ ترقیاتی امور کا بڑا حصہ مکمل ہوچکا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ترقیاتی امور میں تیزی لانے اور منصوبے کی بروقت کی تکمیل کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے گئے ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف نے ہاؤسنگ سکیم کے نمایاں خدوخال پر روشنی ڈالی اور ایف ڈبلیو کی جانب سے ترقیاتی امور سے متعلق اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا۔ایم ڈی اوپی ایف نے اراضی کے قبضے سے متعلق درپیش مسائل سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا ۔

کمیٹی کو مزید بتایا گیاکہ آئیسکو کی جانب سے بجلی کی تنصیب کا کام مکمل ہوتے ہی مالکان کو پلاٹوں کا قبضہ دے دیا جائے گا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ کرنل حامد انور نے اجلاس کے شرکاء کو ہاؤسنگ سکیم پر جاری ترقیاتی امور سے متعلق بریفنگ دی ۔کمیٹی نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے سلسلے میں وفاقی وزیربرائے سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل، منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف ،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈبلیو او کی کاوشوں کو سراہا۔

کمیٹی نے آئیسکو کو ہدایت کی کہ منصوبے پر بجلی کی تنصیب کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔آئیسکو حکام نے یقین دلایا کہ جون 2016ء کے اختتام پر بجلی کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا جائے گا جبکہ عارضی طور پر بجلی کی سپلائی کا کام رواں ماہ کے اختتام پر مکمل کر لیا جائے گا۔۔۔۔۔

متعلقہ عنوان :