سرکاری ملازمین کے ساتھ ترقی کے کیسوں میں کوئی زیادتی نہیں ہوگی‘ ایکس کیڈر ملازمین اپنی وزارتوں کے ذریعے درخواستیں بھجوائیں متعلقہ کمیٹی ان کے معاملے کا جائزہ لے گی

سینیٹ میں توجہ مبذول نوٹس پر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کا جواب

جمعرات 10 مارچ 2016 18:08

اسلام آباد ۔10 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 مارچ۔2016ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کے ساتھ ترقی کے کیسوں میں کوئی زیادتی نہیں ہوگی‘ جس ملازم کا بھی حق بنتا ہے اسے حق دیا جائے گا‘ ترقی سے محروم رہ جانے والے ایکس کیڈر کے ملازمین اپنی وزارتوں کے ذریعے درخواستیں بھجوائیں متعلقہ کمیٹی ان کے معاملے کا جائزہ لے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ایوان بالا میں مولانا تنویر الحق تھانوی کی طرف سے ایل ڈی سی‘ یو ڈی سی اور اسسٹنٹس کی آسامیوں کو اپ گریڈ کرنے سے متعلق سمری کی منظوری کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2007ء میں بھی کچھ ملازمین کو ترقی دی گئی تھی لیکن ایکس کیڈر کے ملازمین کو اس میں شامل نہیں کیا گیا تھا جس کے بعد کچھ ملازمین نے عدالت سے رجوع کیا اور عدالت کے حکم پر انہیں ترقی دی گئی۔

(جاری ہے)

2015ء میں بھی ایسا ہی کیس سامنے آیا ہے کہ شاید ایکس کیڈر کے ملازمین کو نظر انداز کیا گیا ہے تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ کسی کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے۔ تمام متاثرہ ملازمین اپنی وزارتوں کے ذریعے درخواستیں دیں‘ ان کے معاملے پر غور کے لئے ایک کمیٹی موجود ہے جس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور سیکرٹری خزانہ بھی رکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی ان کے معاملے کا جائزہ لے گی اور جس کا بھی حق بنتا ہے اس کا حق دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :