دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے ،ملک میں امن کی فضا بحال ہوئی ہے‘ رفیق رجوانہ

ہم دنیا میں امن کے قیام کے لیے کوششیں کرتے رہیں گے،پاکستان میں سرمایہ کاری کا سازگار ماحول فراہم کر دیا گیا ہے ‘ گورنر پنجاب کا پاکستان میں تعینات مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں سے خطاب رفیق رجوانہ سے ارجنٹائن کے سفیر کی بھی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 10 مارچ 2016 17:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مارچ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے جس سے ملک میں امن کی فضا بحال ہوئی ہے،دہشت گردی دنیا کے کسی بھی ملک یا خطہ میں ہو پاکستان اس کی پر زورمذمت کرتا ہے اور ہم دنیا میں امن کے قیام کے لیے کوششیں کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں سے خطاب کے دوران کیا ،جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا سازگار ماحول فراہم کر دیا گیا ہے ۔عالمی سطح پر ہمارے بہتر امیج کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا موجودہ حکومت کی بہترین اقتصادی پالیسیسوں کی بدولت پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے اہم میگا پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ دیگر منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام مستحکم ہو رہا ہے اور یہ جمہوریت کا ہی خاصاہے کہ آج ملک میں تمام اہم قومی ایشوز حکومت اور اپوزیشن کی باہمی سوچ و فکر سے حل ہو رہے ہیں اور ایک جمہوری نظام عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اہم کردار کر رہا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یورپی ممالک میں پاکستان کے بارے میں غلط تاثر دیا جاتا رہا ہے لیکن یہ بات خوش آئند کہ جو بھی کوئی غیر ملکی ایک دفعہ پاکستان کا دورہ کرتا ہے پاکستانیوں کی پُر امن روایات اور محبت کو دیکھ کر یہاں سے اچھا تاثر لے کر جاتا ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے جو اپنے تمام تر ہمسایہ ممالک کے ساتھ مثالی تعلقات کا خواہاں ہے ۔

اس موقع پر مختلف ملکوں کے دفاعی اتاشیوں نے انتہا پسندی کے خاتمہ کے لیے پاکستان حکومت اور مسلح افواج کے واضح کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں گزرا ہوا وقت ان کے پروفیشنل کیرئیرکے یاد گار لمحات ہیں۔دریں اثنا، پاکستان میں تعینات ارجنٹائن کے سفیر روڈولفو جے مارٹن سراوینے گورنر ہاؤس لاہور میں ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اِس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ ارجنٹائن پاکستان کا بہترین اور قابلِ اعتماد دوست ہے، دونوں ممالک اپنی اقتصادی شراکت داری کو وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر بنا رہے ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کومزید وسعت دی جا رہی ہے۔

گورنر پنجاب نے ارجنٹائن کے سفیرکی پاکستان میں تعیناتی کے دوران تعلقات کو مزید نکھارنے اور ان کو مستقل بنیادوں پر فعال بنانے میں کردار کو سراہا۔ ارجنٹائن کے سبکدوش ہونے والے سفیر نے کہا کہ پاکستان ارجنٹائن کابہترین دوست ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی اور اقتصادی ترقی کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا ارجنٹائن پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیاکہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔