ھنگو ، تھانہ سٹی سے ہتھکڑیوں سمیت فرار ہونیوالا ملزم اسلحہ سمیت گرفتار

جمعرات 10 مارچ 2016 16:51

ھنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مارچ۔2016ء) چند روزقبل تھانہ سٹی سے ہتھکڑیوں سمیت فرار ہونے والا ملزم اسلحہ سمیت گرفتار۔تفصیلات کے مطا بق ڈی ایس پی ہنگو رفیع اللہ خان اور ایس ایچ او تھانہ سٹی امیر اللہ خان نے ملزم کو میڈیاکے سامنے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ ایک ہفتہ قبل تھانہ سٹی سے ہتھکڑیوں سمیت فرار ہونے والا ملزم حضرت بلال میروبک کے قریب دوسی بانڈہ میں موجود ہے جس پر پولیس نے موقع پر بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ لگایا ۔

(جاری ہے)

چھاپے کے دوران ملزم حضرت بلال نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد پولیس نے جوابی فائرنگ کر کے انہیں چاروں اطراف سے گھیرے میں لے کرپستول سمیت گرفتارکر لیا۔یاد رہے کہ حضرت بلال جو کہ ڈسٹرکٹ لیوی اہلکار بھی ہے نے ایک ماہ قبل ہنگو کے علاقہ لختی بانڈہ میں مسجد کے اندرگھس کر نماز عشاء کے دوران نمازیوں سے ہزاروں نقدی اور موبائل فورنز چین کر فرار ہو گئے تھے جس کے بعد پولیس نے گزشتہ ہفتے انہیں گرفتار کر کے تھانہ سٹی منتقل کیا جہاں سے وہ ہتھکڑیوں سمیت فرار ہو گئے تھے۔ملزم کے فرار ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاہ نظر نے تھانہ سٹی کے محرر محبت علی کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :