حکو مت جاپان اور یو این او ڈی سی کے منشیات کی روک تھام کے منصوبے پر دستخط

جمعرات 10 مارچ 2016 16:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مارچ۔2016ء) یو این او ڈی سی کے پاکستان میں کنٹری آفس اور جاپانی سفارت خانے نے میریٹ ہوٹل میں یو این او ڈی سی کے ایک منصوبے پر دستخط کئے ہیں ۔ جو کہ منشیات کی غیر قانونی نقل و حرکت اور پاکستان میں بین الاقوامی منظم جرائم کے خلاف بارڈر کی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے متعلق ہے۔یہ منصوبہ یو این او ڈی سی کے پاکستان کے لئے کنٹری پروگرام (2016-2019)کے تحت نافذ العمل ہو گا۔

اور حکومتِ جاپان اس کے لئے مالی مدد فراہم کرے گی ۔اس منصوبے کے دوران جاپانی حکومت کی مجموعی فیا ضانہ مدد تقریبا 6.5ملین امریکی ڈالر ہوگی۔وفاقی وزارت ِداخلہ اور نار کاٹکس کنٹرول اور اقتصادی امور کے ڈویژن کے اعلیٰ سرکاری افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں یو این او ڈی سی کے کنٹری آفس کے نمائندے سیزر گیڈزنے افتتاحی کلمات میں یہ کہا کہ یہ منصوبہ جاپانی حکومت کی مدد سے تشکیل پائے گا جو منشیات کی غیر قانونی نقل و حرکت اور بین الاقوامی منظم جرائم کے خطرے سے پاک ایک محفوظ معاشرہ تخلیق کرے گا۔

اس لئے اینٹی نار کاٹکس فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بہتر کیا جائے تاکہ بارڈر کے موثر انتظام کے ذریعے فضائی ، زمینی اور سمندری راستوں سے غیر قانونی منشیات کے ملک میں داخل ہونے اور باہر جانے کو موثر طریقے سے روکا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے این ایف کو آپریشن کے ضروری آلات فراہم کئے جائیں۔ اور اس کی حکمتِ عملی بہتر بنائی جائے۔

اور اسپیشل ٹریننگ کے پروگرام منعقد کئے جائیں اور صلاحیتوں کو بہتر بنانے والے دیگر اقدمات کئے جائیں۔نارکاٹکس کنٹرول ڈویژن (وزارتِ داخلہ اور نارٹکس کنٹرول )کے جائنٹ سیکرٹری محمد حفیظ نے یو این او ڈی سی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان میں صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے وسیع البنیاد اقدامات اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے سے پاکستان کی متعلقہ وزارتیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انسداد منشیات اور قانون نافذ کرنے والے حکام بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر فائدہ اٹھائیں گے۔

جاپان کے ناظم الامور جونیا مسٹورا نے جاپانی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ منشیات کی غیر قانونی نقل و حرکت سمیت ہر قسم کے بین الا قوامی مجرموں کے گروہوں کا مقابلہ کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ جن کی غیر قانونی حرکات پاکستانی لوگوں کی اقتصادی بہتری اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان اور افغانستان کے درمیان بارڈر سیکیورٹی کے منصوبوں کو مدد فراہم کرتا ہے۔

جو پاکستان کے لئے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان اقوامِ متحدہ کے اداروں کو مالی مدد فراہم کرتا ہے جو فاٹا میں واپس جانے والے لوگوں اور فاٹا کے علاقے کی بحالی کے لئے حکومت پاکستان کی کو ششوں میں معاون ہوں تاکہ اس سرحدی علاقے میں امن اور استحکام کو فروغ دیا جائے۔ یو این او ڈی سی منشیات کی نقل و حرکت کے خلاف عالمی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے اور یہ منشیات اور بین الاقوامی منظم جرائم پر تمام بین الاقوامی کنونشنز کا واحد سر پرست ہے۔

پاکستان میں یو این او ڈی سی کا کنٹری آفس 35سال سے زائد عر صے سے کام کر رہاہے۔ اور حکومت پاکستان سے اس کا قریبی رابطہ ہے۔ بین الاقوامی منظم جرائم سے متعلق چیلنجز پر قابو پانے کے لئے حکومت کی کوششوں میں اس کی مدد کرنا اس کے فرائض میں شامل ہے ۔ اور اس طرح وہ اس ملک کو مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے میں اس کی مدد کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :