پولیس تفتیشی فنڈز کیس ، آئی جی سندھ کا بینچ پر اظہار عدم اطمینان، سپریم کورٹ نے درخواست مسترد کردی

جمعرات 10 مارچ 2016 13:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مارچ۔2016ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پولیس تفتیشی فنڈز کی خورد برد سے متعلق کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے رکن جسٹس امیر ہانی مسلم پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریری درخواست جمع کرائی جسے سپریم کورٹ نے مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی بدامنی کیس میں پولیس کے تفتیشی فنڈز میں خورد برد کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے سپریم کورٹ میں تحریری درخواست جمع کرائی جس میں جسٹس امیر ہانی مسلم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ مجھے پولیس تفتیشی فنڈز کی خورد برد کیس کی سماعت کرنے والے جسٹس امیر ہانی مسلم پر عدم اعتماد ہے کیونکہ انہوں نے آرٹیکل 14 کے تحت میری عزت کا خیال نہیں کیا اور میرے خلاف نازیبا الفاظ بھی استعمال کرچکے ہیں جبکہ پولیس تفتیشی فنڈز کی خورد برد کیس کی سماعت کرنے والی انکوائری کرنے والی کمیٹی سے بھی رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے آئی جی سندھ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر کیس چلارہے ہیں اورہمارا رویہ متعصبانہ نہیں ہے آپ نے سپریم کورٹ کی تشکیل کردہ انکوائری کمیٹی کے اوپر کمیٹی بنائی ہے، آپ تینوں ڈی آئی جیز کو جاری کردہ شوکاز نوٹس فوری طور پر واپس لیں ہم نہ آپ کو اور نہ کسی اور کو جوابدہ ہیں بلکہ ہم صرف اللہ کو جواب دہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :