اسلام آباد : ایم کیو ایم کے ’را‘ سے مبینہ تعلقات، ایف آئی اے نے تفتیش کے لیے سرفراز مرچنٹ کو طلب کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 مارچ 2016 12:54

اسلام آباد : ایم کیو ایم کے ’را‘ سے مبینہ تعلقات، ایف آئی اے نے تفتیش ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10مارچ 2016ء) : ایم کیو ایم اور ان کے رہنماؤں کے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ سے مبینہ تعلقات کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے نے سرفراز مرچنٹ کو طلب کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ سر فراز مرچنٹ کو 15 مارچ کی صبح دس بجے دس روز کے لیے طلب کیا گیا ہے ، سر فراز مرچنٹ کو سیکشن 160 کے تحت پیشی کا حکم دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام نے سرفراز مرچنٹ کو ایم کیو ایم کے ”را“ کے ساتھ مبینہ تعلقات سے متعلق دستاویزی ثبوت اور دیگر ثبوت بھی طلب کر لیے ہیں۔ واضح رہے کہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز مرچنٹ نے ایم کیو ایم رہنماؤں کے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ سے تعلقات ک انکشاف کرتے ہوئے ثبوت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی تھی جس پر ایف آئی اے نے مزید تحقیقات کے لیے سرفراز مرچنٹ کو ثبوتوں سمیت طلب کر لیا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز مرچنٹ کی عدم حاضری کی صورت میں بذریعہ عدالت بھی طلب کیے جانے کا امکان ہے۔