چین گوادر میں سوشل سیکٹر کی ترقی کے لئے ہر ممکن معاونت کر رہا ہے،ڈسٹرکٹ کونسل گوادر کے چیئرمین بابو گلاب

بدھ 9 مارچ 2016 22:38

کوئٹہ۔09 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء) ڈسٹرکٹ کونسل گوادر کے چیئرمین بابو گلاب نے کہا ہے کہ چین گوادر میں سوشل سیکٹر کی ترقی کے لئے ہر ممکن معاونت کر رہا ہے۔ جو ایک خوش آئند عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں چائنا میں تربیت کے لئے منتخب ہونے والے اساتذہ اور ڈاکٹرز کے اعزاز میں ضلع کونسل گوادر کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے سرکاری آفیسران اور سماجی نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب سے جی ڈی اسکول کے پرنسپل شائستہ شوکت ، ضلعی ہیڈ کواٹر ہسپتال کے ڈاکٹر اسلم دوستین اورآرسی ڈی سی اسکول کے پرنسپل خدا بخش بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کو ایک کلیدی حیثیت حاصل ہے چائنا حکومت طب اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد کو تربیت دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

جس سے ڈاکٹروں اور اساتذہ کی استعداد کا ر میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوش آئند عمل ہے کہ اس مرتبہ اساتذہ بھی اس تربیت کیلئے چین جا رہے ہیں۔ خواتین اساتذہ کی بیرون ملک تربیت دینے کا عمل یقیناً ان کے لئے ایک خوشگوار تجربہ ہوگا ۔ تربیت حاصل کرنے کے بعد ان کی استعداد کار میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ انکی صلاحیتوں سے طلباء طالبات اور عوام بھی مستفید ہونگے۔

مقررین نے کہا ہے کہ گزشتہ سال متعدد ڈاکٹروں کو چین میں تربیت دی گئی ہے ۔اب دوسری مرحلے میں ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ خواتین اساتذہ بھی تربیت حاصل کرنے کے لئے چین جارہی ہیں۔ ضلع کونسل گوادر چین کے اس اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین آئندہ بھی اسطرح کے پروگرام کا انعقاد کر ے گا جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

متعلقہ عنوان :