پاک آرمی کے زیراہتمام عالمی یوم خواتین کے حوالے سے پروگرام ضلع کونسل ہال گوادر میں منعقد

بدھ 9 مارچ 2016 22:37

کوئٹہ۔09 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء)پاک آرمی کے زیراہتمام عالمی یوم خواتین کے حوالے سے ایک پروگرام ضلع کونسل ہال گوادر میں منعقد ہوا جس میں مختلف اسکولوں کی طالبات سمیت سماجی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عالمی یوم خواتین کی تقریب کی مہمان خاص مسز لیفٹیننٹ کرنل علی تھیں۔ تقریب میں اسکولوں کی طالبات نے خواتین کے حقوق اور ان کے مسائل پر روشنی ڈالی۔

تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عورت اور مرد معاشرے میں برابر کے حصہ دار ہیں۔

(جاری ہے)

معاشرے میں جتنا حق مرد کا ہے اتنا ہی خواتین کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مردوں سے زیادہ حقوق حاصل ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جو حقوق اسلام نے عورتوں کو دے رکھے ہیں بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں ان پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔ عورتوں کو جاہلانہ رسومات کی بھینٹ چڑھا کر ان پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ مقررین نے تقریب کی مناسبت سے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں کیونکہ جب ایک مرد تعلیم حاصل کرتاہے تو ایک فرد ہی تعلیم یافتہ ہوگا جبکہ ایک عورت کا تعلیم یافتہ ہونے سے پورا معاشرہ تعلیم یافتہ ہوگا۔