مہاجروں کی اصل جماعت صرف مہاجر قومی موومنٹ ہے،رضاحسین

چیئرمین آفاق احمد مہاجروں کے حقوق کیلئے چوبیس سال سے جدوجہد کررہے ہیں،قوم کے مسائل صرف چیئرمین آفاق احمد حل کرسکتے ہیں

بدھ 9 مارچ 2016 22:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مارچ۔2016ء) مہاجروں کی اصل جماعت صرف مہاجر قومی موومنٹ ہے جو چیئرمین آفاق احمد کی قیادت میں مہاجروں کو انکے جائز حقوق دلانے کیلئے چوبیس سال سے جدوجہد کررہی ہے جبکہ متحدہ کے بننے سے آج نئی جماعت کی بازگشت تک صرف مہاجروں کو تقسیم در تقسیم کرنے کی سازش ہے جسے عوام کی حمایت اور قوم کی مدد سے ناکام بنایا جائے گا ۔

یہ بات مہاجر قومی موومنٹ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل رضا حسین نے لانڈھی میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ رضا حسین نے کہاکہ مہاجر قومی موومنٹ کی خاموشی کمزوری سمجھنے والے غلطی پر ہیں،قوم کو ہر مستقبل دینے کیلئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں لیکن جہاں مسئلہ قوم کی بقاء کا ہوگا تو چیئرمین آفاق احمد کی اپنی قوم سے محبت بھی سب جانتے ہیں جنہوں نے آٹھ سال کی قید و بند کی صعوبتیں صرف اپنی قوم کیلئے برداشت کیں اور ترغیبات کو ٹھوکر مار کر مہاجروں کے ساتھ آخری سانس تک رہنے کا ناصرف عہد کیا بلکہ ثابت قدمی سے آج تک اپنے عہد پر کاربند ہیں۔

(جاری ہے)

رضاحسین نے کہا کہ الطاف حسین کے راء سے تعلقات کی بات چیئرمین آفاق احمد نے اس وقت کی جب کوئی متحدہ کے خلاف سرگوشی کی بھی ہمت نہیں کرتا تھا لیکن چونکہ ادارے ہمیشہ چیئرمین آفاق احمد سے خائف رہے اس لئے ہمیشہ ہمیں دبانے کی کوشش کی گئی جسے کارکنان اپنے اتحاد اور قیادت پر اندھے اعتماد کی بدولت ناکام بنادیا،کراچی کی سیاست پر آفاق احمد کی گرفت اس بات کی نشانی ہے کہ حکومتوں اور اداروں کی سازشیں ناکام ہوچکی ہیں اور مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنان شہر بھر میں عوام کی خدمت کیلئے مصروف عمل ہوچکے ہیں۔

رضاحسین نے کہا کہ مافیا جماعت اور سرکاری نرسری میں اگنے والے دونوں قوم کے خیر خواہ نہیں ،مہاجر قوم خود کو مفاد پرستوں سے دور رکھے اور اپنے بچوں کو مفاد پرستی کا ایندھن بننے سے بچانے کیلئے چیئرمین آفاق احمد کے ہاتھ مضبوط کرے۔

متعلقہ عنوان :