آئی ٹی یونیورسٹی لاہورکی سائنٹومیٹرکس لیب نے معیاری تحقیق کی بنیاد پر200پاکستانی یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی پہلی درجہ بندی جاری کر دی

درجہ بندی کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد پہلے، کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی دوسرے اورزرعی یونیورسٹی فیصل آباد تیسرے نمبر پر ہے ،ڈاکٹر عمر سیف کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 9 مارچ 2016 22:00

لاہور۔9 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء ) انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کی جدید ریسرچ لیبارٹری ”سائنٹومیٹرکس لیب“ نے معیاری تحقیق کی بنیاد پر کی جانے والی دو سوپاکستانی یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی پہلی درجہ بندی جاری کر دی ہے۔آئی ٹی یو کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف نے بدھ کو ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ پریس کانفرنس میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سائنٹو میٹرکس لیب نے یہ درجہ بندی اس مقصد کے لئے دنیا کی بڑی یونیورسٹیوں میں قائم ریسرچ لیبارٹریوں کی طرز پر یہ درجہ بندی کی ہے جس کی بنیاد معیاری تحقیق کے ڈیٹا بیس کے غیر جانبدارانہ تجزیوں پر رکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمہ عالمی اعشاریوں پر مبنی اس درجہ بندی کا مقصد پاکستانی یونیورسٹیوں کوایسی بنیاد فراہم کرنا ہے کہ وہ اپنی تحقیقی سرگرمیوں کے معیار کا تقابلی جائزہ لے سکیں اور ان عوامل کی تلاش کر سکیں جن کی بنیاد پر دنیا کی دیگر یونیورسٹیاں ہم سے بہت آگے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ پاکستان کی ایک بھی یونیورسٹی یا اعلیٰ تعلیمی ادارہ دنیا کی پانچ سو بہترین یونیورسٹیوں میں شامل نہیں حتیٰ کہ ہم ایران، بھارت ، قازقستان اور لاہور سے چھوٹے ملک سنگا پور سے بھی بہت پیچھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن نے گذشتہ دس سال کے دوران اعلیٰ تعلیم کا معیار بہتر بنانے میں قابلِ قدر کاوشیں کی ہیں تاہم اب بھی پاکستان میں معیاری تحقیق کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا اہم تقاضا ہے کہ معیاری اور غیر معیاری تعلیمی تحقیق کے مابین فرق کو واضح کیا جائے۔ ہم نے اس کام کا آغاز کر دیا ہے ۔ امید ہے کہ ہماری اس سٹڈی سے پاکستان کے تعلیمی ادارے، سکالر اور محققین فائدہ اٹھائیں گے اور اس سمت میں ہماری راہنمائی بھی کریں گے تاکہ ملکِ عزیز میں کوالٹی ریسرچ اور ہائرایجوکیشن کو فروغ دیا جا سکے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ آئی ٹی یو کی درجہ بندی کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد پہلے، کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی دوسرے اورزرعی یونیورسٹی فیصل آباد تیسرے نمبر پر ہے۔سپیشلائزڈ اداروں میں آغا خان یونیورسٹی پہلے،پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز دوسرے اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز) تیسرے نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رینکنگ بمعہ تفصیلات ویب سائیٹ http://rankings.itu.edu.pk پربھی دستیاب ہے۔ کانفرنس میں سائیٹومیٹرکس لیب کے سربقراہ ڈاکٹر سعید الحسن نے بھی صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیے۔