امریکہ کی قیادت میں سامراجی طاقتیں عالم اسلام کو تقسیم کرکے دنیا پر حکمرانی اوراپنا ایجنڈہ مسلط کرنا چاہتی ہیں‘ لیاقت بلوچ

حقوق نسواں بل پنجاب اسمبلی کے ممبران یا قانونی ماہرین نے نہیں بنایا ،مغرب سے ایکسپورٹ ہوکر آیا ہے‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

بدھ 9 مارچ 2016 21:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مارچ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امریکہ کی قیادت میں سامراجی طاقتیں عالم اسلام کو تقسیم کرکے دنیا پر حکمرانی اوراپنا ایجنڈہ مسلط کرنا چاہتی ہیں،آج مسلمانوں کا خون پانی سے بھی سستا ہوگیا ہے عالم اسلام کو یکجا رکھنے کے بجائے نیو ورلڈ آرڈر کے ذریعے تقسیم کیا گیا ہے عملاََ عالم اسلام اس کا ایندھن بنا ہوا ہے ،عالم اسلام جن مسائل کا شکار ہے اس کا حل اتحاد امت کی یکجہتی میں ہے ، پاکستان میں کرپشن انتہا کو پہنچ چکی ہے ، کرپشن کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ اور پیما کے رہنما ڈاکٹر عبدالرشید وہاب میمن کی عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہ پنجاب میں حقوق نسواں کے نام سے جو بل منظور کیا گیا ہے وہ پنجاب اسمبلی کے ممبران یا قانونی ماہرین نے نہیں بنایا بلکہ مغرب سے ایکسپورٹ ہوکر آیا ہے، مغرب پاکستان میں حقوق نسواں بل سمیت اس طرح کے دیگراقدامات کے ذریعے اپنی تہذیب مسلط کرکے ہمارے خاندانی نظام کو ختم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے ،حالانکہ عورت کی عزت وعظمت اسلام سے زیادہ کون جانتا ہے۔

پنجاب کے بعد اس بل کو دیگر صوبوں میں پیش کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، لیاقت بلوچ نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ دینی جماعتیں بھی متحد نہیں دینی جماعتیں مسلک کی بنیاد پر تقسیم ہوچکی ہیں اس لیے ملک پر ناپسندیدہ ایجنڈا مسلط کیا جارہا ہے مگر اب دینی جماعتوں نے مل بیٹھنے کا اعلان کردیا ہے۔150میگا اسکینڈل نیب کے پاس موجود ہیں مگران پر ہاتھ نہیں ڈالا جارہاہے۔

نیب چیئرمین قمرزمان چوہدری ایک شریف انسان ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرداری خاندان کے سوا 2ارب ڈالر، شریف خاندان کے 2ارب ڈالر اور چوہدری برادران کے ایک ارب ڈالر بیرون ممالک میں موجود ہیں انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک کی عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے اس لیے جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان مہم چلانے کا اعلان کیا ہے کرپشن کے خلاف عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے تاکہ ملک سے کرپٹ عناصر کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔

لیاقت بلوچ سے دورہ جیکب آباد کے موقع پرسابق چیئرمین سینٹ وصدر پاکستان محمد میاں سومرو نے ملاقات کی ،دونوں رہنماوں نے ملک کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان کے حالات جان بوجھ کرالجھائے جارہے ہیں وہاں کے حالات طاقت سے نہیں بلکہ مذاکرات سے ہی حل کیئے جاسکتے ہیں ایسانہ کیاگیا توسانحہ مشرقی پاکستان کو بھلایانہیں جاسکتا ،راہداری منصوبہ کی وجہ سے بلوچستان کے حالات خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔

ایم کیوایم اپنے کیئے کی سزابھگت رہی ہے وہ اپنے انجام کو پہنچنے کے قریب ہے ایم کیوایم ایک نہیں کئی حصوں میں بٹے گی۔ہمارا انتخابی ،احتسابی،سیاسی اورمعاشی نظام کرپشن کا شکار اس ناسور نے اوپر سے لیکر نیچے تک ہر ادارے کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔