گردے کے امراض سے متعلق آگاہی ضروری ہے،گردہ انسانی جسم کا ایک اہم جزو ہے اور خون کو صاف رکھنے کے ساتھ کیمیائی طور پر خون کو متوازن رکھتا ہے،گردے کے بنیادی امراض سے آگاہی صحت مند زندگی کیلئے ضروری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کاگردوں کے امراض سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

بدھ 9 مارچ 2016 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گردے کے امراض سے متعلق آگاہی نہایت ضروری ہے تاکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے مرض سے محفوظ رہا جا سکے۔ گردہ انسانی جسم کا ایک اہم جزو ہے اور خون کو صاف رکھنے کے ساتھ کیمیائی طور پر خون کو متوازن رکھتا ہے اس لئے گردے کے بنیادی امراض سے آگاہی صحت مند زندگی کیلئے ضروری ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گردوں کے امراض سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ورلڈ کڈنی ڈے منانے کا مقصد گردے کی اہمیت اور امراض سے متعلق آگاہی دینا ہے تاکہ صحت مند انسان گردوں کے مرض سے محفوظ رہ سکے اور بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے پنجاب میں ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں اور پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں گردے کے مریضوں کو مفت ڈائلسیز کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سینٹر کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو کہ جگر اور گردے کے امراض کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انسٹی ٹیوٹ میں گردے کے ٹرانسپلانٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ علاج معالجے کی معیاری سہولتوں تک رسائی عوام کا حق ہے۔ صحت کے شعبہ کی بہتری او رعوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی سرفہرست ترجیحات میں شامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں اصلاحات کی گئی جن کے اہداف کے حصول کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ محکمہ صحت کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ٹھوس اقدامات کی بدولت صحت عامہ کا شعبہ مثبت تبدیلیوں کی جانب گامزن ہو چکاہے۔