سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان سے ارجنٹائن کے سبکدوش ہونے والے سفیرکی ملاقات، دوطر فہ تعلقات ،پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل ،اداروں کی مضبوطی اورپارلیمنٹ کی بالادستی پر تبادلہ خیال

بدھ 9 مارچ 2016 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان سے پاکستان میں ارجنٹائن کے سبکدوش ہونے والے سفیر روڈو لفو جے مارٹن سراوی نے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی‘ملاقات میں پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل ،اداروں کی مضبوطی ،پارلیمنٹ کی بالادستی اور میڈیا کی آزادی کے علاوہ ذاتی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ حکومت جہالت،پسماندگی،غربت کے خاتمے اور عوام کو صحت ، تعلیم و دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے جامع پروگرام پر عمل پیراہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی اورصوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کو خصوصی نمائندگی دی گئی ہے ۔وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف ملک میں مضبوط جمہوری نظام کے استحکام کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ر انا محمد اقبال خاں نے کہا کہ تعلیم،صحت اور تجارتی شعبہ میں پاکستان اور ارجنٹائن کو ایک دوسرے کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا خواہاں ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ سول سوسائٹی، سیاستدان، میڈیا اور تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہیں۔ روڈولفو جے مارٹن نے کہا کہ وہ ارجنٹائن اورپاکستان کے مابین تجارتی شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ بعد ازاں سپیکر نے معزز مہمان کو اسمبلی شیلڈ بھی پیش کی ۔