قدرتی گیس کی قیمت کم کر کے عوام اور دیگر صارفین کو ریلیف دیا جائے‘غیاث پراچہ

پنجاب میں سی این جی کو گیس کی ریگولر سپلائی حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے ‘ رہنما آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن

بدھ 9 مارچ 2016 20:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبداﷲ پراچہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی پنجاب میں سی این جی سٹیشنز کو گیس کی مسلسل سپلائی کو یقینی بنا چکے ہیں جو بہت بڑا کارنامہ ہے،اب پنجاب میں آر ایل این جی اوردیگر صوبوں میں قدرتی گیس کی قیمت کم کی جائے تاکہ عوام اور دیگر صارفین کو ریلیف مل سکے، سی این جی سٹیشنز کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمت کم ہونے سے کروڑوں افراد کو ریلیف ملے گا،گیس نکالنے والی کمپنیاں حکومت سے معاہدے کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں کروڈ آئل کی قیمت چالیس ڈالر فی بیرل سے کم ہونے پر قیمت کم کرنے کی پابند ہیں۔

غیاث پراچہ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ خام تیل کی قیمت گزشتہ سال دسمبر سے اب تک چالیس ڈالر سے کم ہے جو 26 ڈالر تک گری ہے جبکہ اس مدت کا اوسط 34.2 ڈالر فی بیرل ہے جسکا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی امپورٹ کا معاہدے کر کے پنجاب کی ڈوبتی ہوئی سی این جی کی صنعت کو بچا لیا ہے۔

ایل این جی کا عظیم الشان منصوبہ پاکستان میں انرجی مکس کو متوازن بنانے اور توانائی بحران کے حل کیلئے سب سے اہم قدم ہے جسکی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ اب حکومت گیس کی قیمت کم کریں تاکہ دیگر صوبوں کے صارفین کو بھی فائدہ پہنچے اور آئل امپورٹ بل کم کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ عدالتیں جی آئی ڈی سی کو غیر قانونی قرار دے چکی ہیں اسلئے اسے ہٹایا جائے کیونکہ یہ جس مقصد کے لئے لگایا گیا تھا وہ پورا نہیں یا جا سکا تاکہ کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو اور سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار اور محاصل بڑھینگے۔

حکومت پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ جی آئی ڈی سی کے فنڈز ایل این جی منصوبہ اور پائپ لائن کیلئے استعمال نہیں کیا جا رہا تو بھر اسکا کیا جواز ہے۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے حکومت کی کوششوں کی غیر مشروط حمایت کرتی ہے۔