عوام ترقی وخوشحالی روکنے اورٹانگیں کھینچنے والے مٹھی بھر مخالفین کی سیاست دفن کردیں گے‘ حمزہ شہباز

2018 تک لوڈشیڈنگ سمیت تمام مسائل کو عوامی خواہشات کے مطابق حل کرلیں گے‘ رکن قومی اسمبلی کا این اے 101علی پورچھٹہ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب

بدھ 9 مارچ 2016 19:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مارچ۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ترقی وخوشحالی کے مخالف ، ٹانگیں کھینچنے کی سیاست کرنے والے اورمیٹروبس واورنج لائن ٹرین جیسے جدید منصوبوں کے مٹھی بھر مخالفین کی منفی سیاست کو پاکستان کے باشعور عوام ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے،قوم نے 126دن دھرنے والوں کا انجام دیکھ لیا انہیں آئندہ بھی پذیرائی نہیں ملے گی ،دھاندلی کے بے بنیادالزامات کو جوڈیشل کمیشن نے چھان بین کرکے پاکستان کے عوام کے مینڈیٹ کو سچ ثابت کردیا،دہشت گردوں کی کمر توڑنے ، کراچی اورملک بھر کا امن بحال کرنے اور پاکستان کوصحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں کشتیاں جلا کر کودچکے ہیں،افواج پاکستان کے پیچھے سیاسی قیادت سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور انشاء اﷲ نیک نیتی کے باعث کامیابی قدم چوم رہی ہے۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے یہاں علی پورچٹھہ این اے 101میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کو جنگیں نہیں ناامیدی ہراتی ہے ، 2013کے الیکشن کے بعدموجودہ قومی قیادت نے ناامیدی کے کینسر کو اپنے ترقی کے ویژن کے ساتھ بدل کر رکھ دیا ہے جس کے باعث چین جیسا ترقی یافتہ ہمسایہ ملک پاکستانی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے 46ارب ڈالر کی سرمایہ کرنے جارہا ہے -انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہ داری پر سب کو ساتھ لے کر چلنا اور باہمی مشاورت وزیراعظم محمدنوازشریف کی بہت بڑی کامیابی ہے اسی طرح تیل کی قیمتوں میں کمی کا پاکستانی عوام کو بلاواسطہ طور پر فائدہ پہنچایا جارہا ہے اور لاہوراوراسلام آباد میں میٹروبس کے بعدملتان میں جلدیہ منصوبہ کام شروع کردے گا اورلاہورسے کراچی موٹروے بھی قومی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا-انہوں نے کہا کہ منفی اوردھرنے کی سیاست کرنے کا وقت گزر چکا ہے ،آج وقت سیاسی ہار اور جیت کا نہیں ملکی سا لمیت کا ہے اورحالیہ بلدیاتی الیکشن میں عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو کامیابی دلا کر اپنے جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر اب عملی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گااور میگامنصوبوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مقامی مسائل کے حل کے لئے بلدیاتی نظام کو مضبوط بنائیں گے-حمزہ شہبازنے کہا کہ 22مارچ کو این اے 101کے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیداور جسٹس (ر) افتخار احمدچیمہ کو عوام دوبارہ بھاری مینڈیٹ دیں گے -اس موقع پر این اے 101سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار افتخار احمدچیمہ ، ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری اکمل سیف چٹھہ اورشوکت منظور چیمہ ، سابق ایم پی اے کنونشن کے میزبان چوہدری نوازش علی چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این اے 101کا علاقہ ہمیشہ وزیراعظم محمدنوازشریف اوروزیراعلی محمدشہباز شریف کے متوالوں کا گڑھ رہا ہے اور انشاء اﷲ22تاریخ کاسورج شیرکی کامیابی لے کر طلوع ہوگا۔