کراچی، صاف ستھرے ماحول سے کسی بھی قوم کی تہذیب وتمدن کا پتہ چلتا ہے ،رکن قومی اسمبلی محبوب عالم

بدھ 9 مارچ 2016 19:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مارچ۔2016ء) حق پرست رکن قومی اسمبلی محبوب عالم نے کہا ہے کہ بلدیہ غربی میں رہائش پذیر عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر بلدیاتی مسائل کے خاتمہ کیلئے حق پرست اراکین اسمبلی 10مارچ سے صفائی مہم کا آغاز کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے حق پرست رکن سندھ اسمبلی مظاہر امیر کے ہمراہ بلدیاتی افسران سے ملاقات کے دوران کیا رکن قومی اسمبلی نے مذید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے رابطہ کمیٹی اور اراکین اسمبلی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ تمام اراکین اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں نکل کر اپنے گلی محلوں سے کچرے و ملبہ کے ڈھیروں کا صفایا کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں صفائی ستھرائی کے حوالہ سے اس شعور کو بھی اجاگر کریں کہ صاف ستھرا ماحول سے نہ صرف کسی بھی قوم کی تہذیب وتمدن کا پتہ چلتا ہے بلکہ ہمارے دین میں تو صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے صفائی مہم میں جہاں حق پرست اراکین اسمبلی ،کارکنان و ذمہ داران عملی طور پر میدان میں ہونگے وہیں اسکولوں اور کالجز کے طلبہ و طالبات بھی صفائی مہم کا حصہ ہونگے انہوں نے بلدیاتی افسران سے کہا کہ وہ بھی صفائی مہم میں اپنی شرکت یقینی بناکر یہ ثابت کر دیں کہ عوامی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے بلدیاتی افسران نے اراکین اسمبلی کو یقین دلایا کہ انتظامیہ بلدیہ غربی کی اولین ترجیح عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے لہذا صفائی مہم میں انتظامیہ بھرپور تعاون کرکے بلدیہ غربی کو صاف ستھرا بنانے میں بھرپور تعاون فراہم کر ے گی ۔