سینیٹ ، اپوزیشن کا سرکاری اشتہارمیں دہشت گردوں کو پگڑی اور داڑھی والے پختون ظاہر کر نے پر شدید احتجاج،واک آؤٹ

سرکاری اشتہار میں یہ تاثر دینا افسوس ناک اور قابل مذمت ہے کہ ہر داڑھی اور پگڑی والا دہشت گرد ہوتا ہے،سینیٹرز

بدھ 9 مارچ 2016 17:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء) سینیٹ میں اپوزیشن کا سرکاری اشتہارمیں دہشت گردوں کو پگڑی اور داڑھی والے پختون ظاہر کر نے پر شدید احتجاج کے بعد اعلامتی واک آؤٹ کیا،ارکان نے کہا کہ سرکاری اشتہار میں یہ تاثر دینا افسوس ناک اور قابل مذمت ہے کہ ہر داڑھی اور پگڑی والا دہشت گرد ہوتا ہے۔ بدھ کو سینیٹ اجلاس میں حکومت اور آئی ایس پی آر کی جانب سے مشترکہ اشتہار جس میں تمام دہشت گردوں کو پٹھانوں کی مخصوص ٹوپی، داڑھی رکھنے والا ظاہر کیا گیا ہے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا کہ ا افسوس کی بات ہے کہ حکومت اور آئی ایس پی آر کی جانب سے مختلف اخبارات میں جو اشتہارات دیئے گئے ان میں ایسے دوست دکھائے گئے جنہوں نے پشتونوں کی مخصوص پگڑی اور داڑھی رکھی ہوئی تھی اور ان افراد کا حلیہ پشتونوں سے ملتا ہے، اس اشتہار سے پشتونوں کی تذلیل ہوئی۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر حمد اﷲ نے کہا کہ اشتہار میں دنیا اور عوام کو یہ تاثر دیا گیا کہ داڑھی اور پگڑی والا دہشت گرد ہوتا ہے، اس سے پٹھان جو محب وطن شہری ہیں ان کی تذلیل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مذہبی طبقہ پٹھان اور بلوچ یہ پگڑیاں پہنچتے ہیں، ان طبقوں نے یہاں سے انگریزوں کو نکالنے کیلئے قربانیاں دیں اور ان کو یہ صلہ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامرہ، جی ایچ کیو اور دیگر دہشت گردی کی کارروائیوں میں کسی بھی دہشت گرد نے اس طرح کی پگڑی نہیں پہنی ہوئی تھی۔ توجہ دلاؤ نوٹس پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حکومت اور آئی ایس پی آر کے اس اشتہار کے پیچھے ایک فیصد بھی یہ مقصد نہیں تھا کہ پٹھانوں کا اس کا نشانہ بنایا جائے، پگڑی صرف پٹھان ہی نہیں بلکہ اور بھی بہت سے لوگ پہنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سندھی ، بلوچی، پٹھان اور پنجابی سب کی مشترکہ کاوشوں سے بنا، اس طرح کی چھوٹی چھوٹی باتوں سے حکومت اور پاک فوج کی قربانیوں کو ضائع مت ہونے دیا جائے، ہمارا آئین سندھی، پنجابی، بلوچی اور پنجاب سمیت تمام طبقوں کو تحفظ دیتا ہے، حکومت اور آئی ایس پی آر کی نیت پر شک نہ کیا جائے، اس اشتہار میں صرف عوام کو آگاہ کیا گیا کہ وہ اپنے ارد گرد دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں اور شک کی بنیاد پر سیکیورٹی اداروں کو آگاہ کریں اس کے علاوہ اس اشتہار کا اور کوئی مقصد نہیں تھا۔

متعلقہ عنوان :