مسلم لیگ(ن) قوم سے کئے گئے سارے وعدے پورے کرے گی،علی اکبر گجر

ملک میں خوشحالی اور ترقی کا جو عمل شروع ہواہے وہ ہمیشہ جاری رہے گا،نائب صدر مسلم لیگ (ن)سندھ

بدھ 9 مارچ 2016 17:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مارچ۔2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) قوم سے کئے گئے سارے وعدے پورے کرے گی اورملک میں خوشحالی اور ترقی کا جو عمل شروع ہواہے وہ ہمیشہ جاری رہے گا۔حکومت کی گزشتہ تین سال کی کارکردگی اس بات کی شاہد ہے کہ مسلم لیگ(ن) اپنے منشور پر ایمانداری اور مکمل یکسوئی کے ساتھ عملدرآمدکررہی ہے۔

اس کے برعکس ماضی میں آمریت ہو یا جمہوریت حزب اختلاف کی پارٹیوں نے ملک اور عوام کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ماضی میں حکمرانوں نے قوم کو پرفریب نعرے دئیے اورایسے ایسے وعدے کئے کہ عوام ان سے دھوکہ کھا گئے لیکن قائدجمہوریت میاں نوازشریف نے ہمیشہ قوم کی توقعات پوری کیں اور پاکستان کو ایک فلاحی اور مستحکم ملک بنانے میں کبھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے حالیہ دور میں ہماری پارٹی نے ملک کے چاروں صوبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھادئیے ہیں اور ایسی ترقی کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی۔ عوام نے مسلم لیگ(ن) اور اس کی قیادت پرجس بھرپور اعتماد کامظاہرہ کیا ہے اس کا جواب ہماری پارٹی اپنی مثالی کارکردگی اورعوام کی سچی خدمت سے دے رہی ہے۔ خاص طور پروفاقی حکومت نے ملک میں قیام امن کے لئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔

علی اکبر گجر نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی حکومت کی کارکردگی اوراپنی قیادت کے ویژن پرفخر ہے اورہم انشاﷲ قوم کوکسی موڑ پرمایوس نہیں کریں گے اور وہ تمام وعدے پورے کریں گے جو ہم نے انتخابات میں قوم سے کئے تھے۔ اور جس طرح عوام حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اس سے ہمیں یقین ہے کہ اگلے انتخابات میں بھی عوام مسلم لیگ(ن) کاہی انتخاب کریں گے تاکہ وزیراعظم میاں نواز شریف پاکستان کو قائداعظم محمدعلی جناح کے خوابوں کی تعبیر بنا سکیں۔