پشاور،سوات کے عوام کو آمد ورفت کی سہولت دینے کیلئے نمایاں اقدامات اٹھائے گئے ہیں،محمودخان

بدھ 9 مارچ 2016 17:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مارچ۔2016ء) خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل وثقافت ،میوزیم اورامورنوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں اور خاص طورپر ضلع سوات میں مواصلاتی نظام کی اصلاح اور بہتری کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور اس سلسلے میں 27 کلومیٹر کالام تامہوڈنڈ روڈ ،مالم جبہ روڈ ،مٹہ تا فاضل بانڈہ روڈ ،کوکاری جامبل روڈ ،سوات ایکسپریس وے اور مختلف لنک روڈوں پر تیزی سے تعمیراتی کام جاری ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کمیونٹی پولیس کے اہلکاروں کی تنخواہیں جلد جاری کی جائیں گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاورمیں ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے ایک تیس رکنی وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفدکی قیادت ناظم علی خان اورعزیز خان نے کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمودخان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے شروع دن سے ہی ترقیاتی کاموں میں کرپشن کے خاتمے اورمعیار کو بہتربنانے پر خصوصی توجہ دیں ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ ضلع سوات میں پر فضاء سیاحتی مقامات تک سیاحوں کی رسائی کے لئے ضلع بھرکی تمام سڑکوں پر تعمیراتی کام شروع کیاگیا ہے تاکہ ان مقامات تک سیاحوں اورعلاقے کے عوام کو آمدورفت کی سہولیات فراہم ہوسکیں۔ اس موقع پر محمودخان نے واضح کیا کہ سوات کی تعمیروترقی کے لئے منتخب نمائندوں کے ساتھ ساتھ سوات انتظامیہ بھی مشترکہ طورپر کوششیں کررہی ہے اور اس سلسلے میں منتخب نمائندوں اورانتظامیہ کے باہمی روابط میں ہیں اور بلاامتیاز ضلع سوات کے تمام حلقوں میں مختلف تعمیراتی منصوبے زوروشور سے کررکھے ہیں۔

انہوں نے وفد کے مسائل غورسے سننے اورحل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو احکامات صادرکئے۔وفد نے مسائل میں گہری دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر کاشکریہ اداکرتے ہوئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :