سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک ہیں،پاکستان کی خوشحالی کے لئے موجودہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، دفاعی ماہرین اور تجزیہ نگار

بدھ 9 مارچ 2016 15:18

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 مارچ۔2016ء) دفاعی تجزیہ کاروں اور ماہرین نے کہا ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک ہیں، دہشت گردی ملک کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے تاہم موجودہ حکومت اس لعنت کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر ڈالا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اور سیکورٹی فورسز ایک صفحہ پر ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کے بعد ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ اس آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے ہیں اور باقی افغانستان بھاگ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

دفاعی تجزیہ کار رضا محمد خان نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان کے مکمل نفاز کی ذمہ دار ہیں۔ افغان حکومت کو پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے تاکہ سرحد پر دہشتگردوں کی نقل وحرکت کو روکا جاسکے۔ دفاعی تجزیہ کار امجد شعیب اور ڈاکٹر محمد خان نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے، حکومت اور سیکورٹی فورسز اپنی سرزمین سے اس لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور اس کیلئے کوشش کر رہی ہیں۔

تجزیہ کار ڈاکٹر پرویز اقبال چیمہ، ڈاکٹر ظفر جسپال اور شاہین اختر نے کہا کہ مادر وطن سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت اور عسکری قیادت ایک صفحہ پر ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے میں اساتذہ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ رینجرز نے کراچی میں اس لعنت پر بہت حد تک قابو پالیا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ بین الاقوامی برادری ہماری ان کوششوں کو سراہتی ہے۔

دہشت گردی ہماری ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ لیکن اب امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ تجزیہ کار ڈاکٹر حسین شہید سہرودری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ دہشت گردی کی وجہ سے ہماری معشیت بری طرح متاثر ہو رہی تھی لیکن اب قیام امن کے بعد اس میں بہتری آئی ہے۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :