سی ٹی اونے ڈیوٹی سے غیر حاضری پر لیڈی وارڈن کو نوکری سے برطرف کردیا

بدھ 9 مارچ 2016 14:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 مارچ۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا وزٹ کیا۔انہوں نے طویل غیر حاضررہنے پر لیڈی ٹریفک وارڈن صائمہ کنول کو نوکری سے برخاست کردیا ، فرائض میں غفلت ولاپرواہی اور ڈیوٹی پوائنٹس سے غیر حاضری کی بناء پر01وارڈن کو شوکاز نوٹس جاری کردیاجبکہ محنت لگن اور ذمہ داری سے ڈیوٹی کرنے پرسیکٹر انچارج ،پٹرولنگ آفیسر سمیت07وارڈنز کو نقد انعام اور شاباش دی ۔

انہوں نے تمام ڈی ایس پیزاورسیکٹرز انچارجز کو سختی سے ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس کارروائی پر خصوصی توجہ رکھیں تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کیلے اورنج ٹرین روٹ شالیمارسمیت اک موریہ پل ،گلبرگ،فیروز پور روڈ اور مختلف علاقوں کا سرپرائز وزٹ کیا۔

انہوں نے فرائض میں غفلت کوتاہی کرنے پراک موریہ پل چوک پر تعینات ٹریفک وارڈن کو شوکاز نوٹس جاری کردیاجبکہ اچھی ڈیوٹی کرنے پراورنج ٹرین روٹ شالیمار کے 3وارڈنز،ٹریفک سیکٹر گلبرگ کے انچارج خالد نواز ،پٹرولنگ آفیسراور فیروزپور روڈ پر رانگ پارکنگ کے خلاف بھر پور کارروائی کرنے پر2وارڈنز کو نقد انعام اور شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ وارڈنز ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں اور دوران ڈیوٹی شہریوں کی مدد،راہنمائی کو معمول بنائیں۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس اقدامات نہ کرنے والے افسران اور وارڈنز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔