قومی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کی ذمہ داری بھارتی حکومت اورآئی سی سی پر ہوگی ‘وزیر اعظم نواز شریف

بدھ 9 مارچ 2016 14:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کی ذمہ داری بھارتی حکومت اورآئی سی سی پر ہوگی ‘ وزارت داخلہ مطمئن ہے تو ٹیم بھارت بھجوانے میں کوئی حرج نہیں ۔وزیراعظم محمد نواز شریف سے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی جس میں کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے یا نہ بھیجنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے بھارت جانے والی سیکیورٹی ٹیم کی ابتدائی رپورٹ سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا اور رپورٹ میں دھرم شالہ میں پاک بھارت میچ سے متعلق سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ‘ چوہدری نثار نے پاک بھارت میچ کا مقام تبدیل ہونے کی صورت میں ٹیم بھجوانے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ قومی ٹیم کو بھارت میں سیکیورٹی مسائل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کی ذمہ داری بھارتی حکومت اور آئی سی سی پر ہوگی تاہم اگر وزارت داخلہ مطمئن ہے تو ٹیم بھارت بھجوانے میں کوئی حرج نہیں۔واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم بھیجنے کو سیکیورٹی سے مشروط کیا تھا جس کیلئے دو رکنی وفد بھارت گیا جہاں اس نے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کی۔