افغانستان سے بھتہ کالز،پرویز خٹک نے وفاقی حکومت کو خط میں پشاور میں رینجرز تعینات کرنے کا مطالبہ

بدھ 9 مارچ 2016 14:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء) وزیر ا علی پرویز خٹک نے پشاور میں تاجروں کو افغانستان سے موصول ہونے والی بھتے کی فون کالز کے معاملے پر وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے جس میں پشاور میں رینجرز تعینات کرنے کی استدعا کی گئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پرویز خٹک کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ تاجروں کو بھتے کیلئے فون کالز موصول ہو رہی ہیں جس کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ بھتے کیلئے 98 فیصد فون کالز افغانستان سے کی جاتی ہیں تاہم وفاقی حکومت بھتہ خوروں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں صوبائی حکومت سے تعاون کرے۔ پرویز خٹک کی جانب سے جاری خط میں مزید کہا گیا ہے کہ فغان شدت پسندوں کے خلاف کارروائی نہیں کرسکتے لہذا وفاقی حکومت پشاور میں رینجرز تعینات کرنے کے احکامات جاری کرے اور افغان موبائل کمپنیوں کے سگنلز روکنے کیلے اقدامات کیئے جائیں۔ خط میں تاجروں کو افغانستان سے موصول ہونے والی بھتے کی کالز میں استعمال ہونے والے فون نمبرز بھی تحریر کئے گئے ہیں۔