گینگ وار سے تعلق کا الزام، ایس پی رئیس غنی چار روز قبل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

بدھ 9 مارچ 2016 14:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء ) کراچی میں لیاری گینگ وار سے تعلق کے الزامات کا سامنا کرنے والے ایس پی رئیس غنی چار روز قبل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بات کا انکشاف لیاری گینگ وار کے ارشد پپو قتل کیس میں مفرور سابقہ ایس ایچ او چاند خان نیازی نیکیا ہے جنہیں 25 فروری کو گرفتار کرکے 90روز کے لئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا گیا تھا۔

ایک ہفتہ قبل ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے لیاری میں تعینات سابق پولیس افسران کے گینگ وار میں ملوث ہونے کے سنسنی خیز انکشافات کئے ۔ اس سلسلے میں تفتیش کے لئے لیاری کے سابقہ ایس پی رئیس غنی سے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مبینہ طور پر رابطہ کیا تھا۔ تفتیشی رپورٹ سامنے آنے پر ایس پی رئیس غنی کوہفتہ 5 مارچ کی صبح دل کا دورہ پڑا جس پر انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئے بعداذاں انہیں ان کے آبائی شہر شکار پور میں سپرد خاک کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی رئیس غنی آئی جی سندھ سمیت دیگر پولیس افسران کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس میں بھی نامزد تھے اور سابقہ وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کو گرفتار نہ کرنے کی پاداش میں انہیں عہدے سے بھی ہٹادیا گیا تھا۔ رئیس غنی پاکستان پیپلزپارٹی کے حامی سمجھے جاتے تھے۔ انہیں راوٴانوار احمد اور فاروق اعوان کے ساتھ اکتوبر 2013 میں ڈی ایس پی کے عہدے سے خصوصی طور پر ایس پی کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔