شہباز تاثیر کی بازیابی خوش آئند ، کوئٹہ سے بازیاب ہونا حکومت کے لئے سوالیہ نشان ہے،سراج الحق

بدھ 9 مارچ 2016 13:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 مارچ۔2016ء) جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ شہباز تاثیر کی بازیابی خوش آئند ہے تاہم ان کا کوئٹہ شہر سے بازیاب ہونا حکومت کے لئے سوالیہ نشان ہے رینجر کا کام تھانے بنانا نہیں بلکہ جرائم کاخاتمہ کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ شہباز تاثیر کی بازیابی خوش آئند بات ہے تاہم اس حوالے سے حکومت کے لئے یہ سوالیہ نشان ہے کہ وہ کسی قبائلی یا غار سے نہیں ملا بلکہ وہ صوبائی دارالحکومت کے شہر کے ایک کونے سے ملا ہے اور چار سال تک وہ اغواء رہا ہے اور جن لوگوں نے اس کو اغواء کیا وہ پکڑے نہیں گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ صرف بڑے آدمی کے بیٹے کو تحفظ دے بلکہ عام آدمی کو بھی تحفظ دینا ان کی ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن میں رینجرز کا کام تھانے بنانا نہیں ہے بلکہ جرائم کا خاتمہ کرنا ہے اور مجمروں کو پکڑنا ہے انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس میں سیاسی طور پر بھرتیاں کی گئیں اس کے اندر سیاست ہے اور اس کو سیاست سے پاک کرنے کی ضرورت ہے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت کی حکومت سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی نہیں کراتی اس وقت تک قومی کرکٹ ٹیم کو وہاں نہیں جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے کسی بھی شہر میں پاکستان کی ٹیم کا میچ ہو وہاں پر سیکورٹی فراہم کرنا بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے پاکستان کے کھلاڑیوں پر حملہ پاکستان کے قومی تشخص پر حملہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر ہونے چاہئے اگر سندھ حکومت کی کارکردگی خراب ہے تو باقی حکومتوں کی کارکردگی کونسی اچھی ہے ۔