برنی سینڈرز نے مشی گن میں ہیلری کلنٹن کو ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری میں شکست دے کر کامیابی حاصل کر لی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 9 مارچ 2016 12:31

برنی سینڈرز نے مشی گن میں ہیلری کلنٹن کو ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری ..

واشنگٹن(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09مارچ۔2016ء) ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز نے ریاست مشی گن میں غیر متوقع طور پر سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کو ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخاب میں شکست دے کر کامیابی حاصل کر لی ہے۔کئی انتخابی جائزوں سے اندازہ لگایا گیا تھا کہ ہیلری کلنٹن اس ریاست میں انتخاب جیت جائیں گی مگر سینڈرز سخت مقابلے کے باوجود جیتنے کے لیے درکار ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

تاہم ہیلری نے ریاست مسیسپی میں ہونے پرائمری انتخاب میں آسانی سے کامیابی حاصل کر لی۔برنی سینڈرز نے کہا کہ مشی گن میں کامیابی کا مطلب ہے کہ ان کا ”سیاسی انقلاب“ ملک بھر میں مقبول ہے اور ان علاقوں میں ان کی مہم سب سے زیادہ مضبوط ہے جہاں ابھی رائے شماری نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتخابی مہم کی بدعنوانی پر مبنی مالی معاونت، غیر منصفانہ معیشت اور ملک کے ناکام فوجداری نظام عدل کے خلاف اپنے پیغام کو اجاگر کیا۔

اگلے ہفتے پانچ ریاستوں میں ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات ہو رہے ہیں۔ ہیلری کلنٹن نے کلیولینڈ میں ووٹروں سے کہا کہ انہیں ڈیموکریٹک پارٹی کی انتخابی مہم پر فخر ہے جسے وہ اور برنی سینڈرز چلا رہے ہیں۔ ریپبلکن پارٹی کی انتخابی مہم سے موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریپبلکن امیدوار ایک دوسرے کو نیچا دکھا رہے ہیں۔ریپبلیکن دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ مشی گن اور مسیسپی دونوں میں بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوئے جبکہ فلوریڈا کے سینیٹر مارکو روبیو دونوں ریاستوں میں چوتھے نمبر پر تھے۔

ریپبلکن امیدوار آئیڈاہو اور ہوائی میں بھی ایک دوسرے کے مدمقابل تھے۔عموماً سخت زبان استعمال کرنے والے ٹرمپ نے خلاف معمول دھیمے انداز میں ووٹروں کا شکریہ ادا کیا مگر انہوں نے ٹیڈ کروز کا مذاق اڑایا جنہوں نے کہا تھا کہ صرف وہی ایسے امیدوار ہیں جو ٹرمپ کو شکست دے سکتے ہیں۔ریپبلکن رہنماو¿ں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیاب ہونے سے روکنے کے لیے سخت کوششیں شروع کر دی ہیں اور کہا ہے کہ اگر ہیلری کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہوئیں تو ڈونلڈ ٹرمپ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ان سے ہار جائیں گے۔

ٹرمپ کے خلاف سات تنظیمیں اگلے ہفتے کے دوران فلوریڈا اور الینوائے میں ان کے خلاف ٹی وی اشتہارات پر ایک کروڑ ڈالر خرچ کریں گی جہاں 15 مارچ کو پرائمری انتخابات ہو رہے ہیں۔تاہم ٹرمپ نے ان اشتہارات کا جواب سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈیموکریٹک پارٹی میں ہیلری کلنٹن اپنے واحد حریف ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز پر واضح برتری رکھتی ہیں۔سینڈرز نوجوان ووٹروں میں بہت مقبول ہیں اور انہوں نے اپیل کی ہے کہ وہ انتخاب کے دن اپنے گھروں میں نہ بیٹھیں۔

متعلقہ عنوان :