لاہور،ڈکیتی میں مزاحمت پر شہری قتل ، رائے ونڈ میں پولیس مقابلہ،ایک ڈاکو ہلاک،3ساتھی فرار

بدھ 9 مارچ 2016 11:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 مارچ۔2016ء ) لاہور میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکووٴں نے فائرنگ کرکے شہری کو قتل کردیا،رائے ونڈ میں سی آئی اے پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کرکے کارروائی کا آغاز کر دیا۔لاہور میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکووٴں نے فائرنگ کرکے شہری کو قتل کردیا۔

رائے ونڈ میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں،ڈاکووں نے دکاندار سے رقم چھیننے کی کوشش کی۔مزاحمت پر ڈاکووٴں نے فائرنگ کردی جس سے آصف موقع پر دم توڑ گیا، اہل علاقہ کے مطابق علاقے میں ایک ہفتے کے دوران ڈکیتی کی یہ آٹھویں واردات تھی۔

(جاری ہے)

پولیس نے لاہور کے مضافاتی علاقے رائیونڈ میں مطلوب ڈاکو کی تلاش میں چھاپہ مارا۔

ڈاکووٴں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سی آئی اے ماڈل ٹاوٴن پولیس کے مطابق شہزاد نامی ڈاکو نے چند روز قبل سی آئی اے پولیس کے ایک کانسٹیبل کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شدید زخمی کردیا تھا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔ پولیس کو شہزاد کے بارے میں اطلاع ملی تھی کہ وہ کاہنہ کے علاقے صوئے آصل میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ چھپا ہوا جس پر پولیس نے چھاپہ مارا۔ پولیس کو دیکھ کر ڈاکو شہزاد اور اس کے تین ساتھیوں نے فائرنگ کر دی تاہم پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران شہزاد ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے شہزاد کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی ۔