مغرب کی نقالی نے عورت کو معاشرے میں رسوا کر کے رکھ دیا ہے۔زبیر فاروق خان

منگل 8 مارچ 2016 22:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 مارچ۔2016ء ) جماعت اسلامی ضلع اسلام آباد کے امیر زبیر فارو ق خان نے کہا ہے کہ حقوق نسواں بل کے بعد سے عورتوں کے حقوق کی حفاظت کی بجائے عورتوں پر ظلم میں اضافہ ہوا ہے ‘ مغرب کی نقالی نے عورت کو معاشرے میں رسوا کر کے رکھ دیا ہے ‘ اسلام نے عورت کو جو حقوق دئیے ہیں وہ کافی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کی جائے، اہل مغرب کی نقالی نے عورت کو رسوا کردیا ہے مغرب نے صرف عورت کا استحصال کیا ہے‘ اسلام نے ہی خواتین کوتحفظ فراہم کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے عالمی یو م خواتین کے مو قع پر اپنے بیان میں کیا ۔زبیر فارو ق خان نے کہا ہم مارچ میں خواتین کا عالمی دن تومناتے ہیں مگر خواتین کو ان کے حقوق سے آشنا نہیں کرتے ‘ قرآن و حدیث سے تجاوز کرنے والے جتنے قوانین ہیں وہ لاحاصل ہیں خواہ وہ مردوں سے تعلق رکھتے ہوں یا عورتوں سے نجات اسلامی قوانین ہی میں ہے ،اسلام میں خواتین کو احترام اور تقدس عطا کیا ہے جب کہ مغرب نے خواتین کوبازار کی زینت بنا دیا ہے جس کے با عث عورتوں کے ساتھ برا سلوک رواج بنتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا اسلامی نظام کانفاذ ہوجائے تو کوئی خواتین کے حقوق کو سلب نہیں کرسکے گا۔انھوں نے کہا بچیوں کی صحیح تعلیم و تربیت بہت ضروری ہے ‘ باشعور لوگ ہی بچیوں کی تعلیم اچھے انداز سے کرتے ہیں۔زبیر فارو ق خان نے کہا جو لوگ انسانیت اور قانون کی بات کررہے ہیں وہ خودہی اقتدار میں بھی ہیں مگر قانون کی عملداری نہیں ہونے دیتے۔