پاک آرمی کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر گوادر میں تقریب کا انعقاد

منگل 8 مارچ 2016 22:35

گوادر ۔ 8 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 مارچ۔2016ء) پاک آرمی کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ضلع اسمبلی ہال گوادر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سامعین کو خواتین کی کارکردگی کے حوالے سے ڈاکو منٹری فلم دکھائی گئی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیگم لیفٹننٹ کرنل علی کمانڈنگ آفیسر 88 ویں ونگ ایف سی گوادر نے کہا کہ خواتین معاشرہ کا لازمی جز ہیں اور پاکستان میں کئی ایسی نامور خواتین موجود ہیں جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا کر اس بات کا ثبوت پیش کیا ہے کہ وہ کسی سے پیچھے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ لازمی ہے، خواتین کو مواقعوں کی فراہمی ناگزیر ہے باالخصوص خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر ملک اور قوم کی خدمت کا فریضہ ادا کرسکیں۔ تقریب میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔