آصف زرداری نے شہباز تاثیر کی دہشتگردوں کے قبضے سے رہائی کو خوش آ ئند قرار دیدیا

منگل 8 مارچ 2016 22:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 مارچ۔2016ء ) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر کی دہشتگردوں کے قبضے سے رہائی کو خوش آ ئند قرار دیدیا۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز تاثیر پانچ سال قید میں رہے اور ان کی رہائی نہ صرف ان کے خاندان کے لئے بلکہ پوری قوم کے لئے باعث مسرت ہے۔

شہباز تاثیر کی رہائی کا اعلان وفاقی وزیر داخلہ نے سینیٹ میں منگل کی شام کو کیا۔ آصف علی زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کو بھی بازیاب کر الیا جائے گا جنہیں اغوا کاروں نے 2013ء کے انتخابات کے دوران اغوار کیا تھا اور نا معلوم مقام پر لے گئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز تاثیر کے اہلِ خاندان سخت تکلیف اور مصائب سے گزرے اور ان کی مصیبتوں کا تصور کرنا بھی انتہائی تکلیف دہ ہے۔

شہباز تاثیر اور ان کے خاندان کے صبر، تحمل اور مشکلات برداشت کرنے کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے خوفناک تجربے سے گزرنے کے باوجود شہباز تاثیر اور ان کا خاندان نفسیاتی طور پر مضبوط رہے گا اور شہباز تاثیر اپنی زندگی حوصلے کے ساتھ گزاریں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ یہ بات ابھی واضح نہیں کہ کس کی مدد سے اور کیسے شہباز تاثیر کی رہائی ممکن ہوئی تاہم ان کی رہائی کے لئے جس نے بھی کوشش کی وہ تعریف کے مستحق ہیں۔