پاکستان اور افغانستان ثقافتی اعتبارسے ایک دوسرے کے انتہائی قریب ہیں،ملک قاسم خان

گزشتہ کئی دہائیوں پر مشتمل افغان عوام کی میزبانی اس بات کا عملی ثبوت ہے،مشیر جیل خانہ جات وزیر اعلیٰ کے پی کے

منگل 8 مارچ 2016 19:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے جیل خانہ جات ملک قاسم خان خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان ثقافتی اعتبارسے ایک دوسرے کے انتہائی قریب ہیں ۔لہٰذا یہی وجہ سے کہ ان کے عوام بھی آپس میں شیر وشکر ہیں ۔گزشتہ کئی دہائیوں پر مشتمل افغان عوام کی میزبانی اس بات کا عملی ثبوت ہے ۔

یہ بات انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں ڈاکٹر عبداﷲ وحید پویان افغان قونصل جنرل پشاورسے ایک ملاقات کے دوران کہی۔ڈاکٹرعبداﷲ وحید پویان کچھ دیر تک مشیر وزیر اعلیٰ کے ساتھ رہے ۔انہوں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے افغان عوام کے پاکستان میں قیام کے دوران انہیں ہرممکن سہولیات فراہم کیں اوران کی اچھے طریقے سے دیکھ بھال بھی کیں۔

(جاری ہے)

مشیر وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی اورافغان عوام آپس میں بھائی بھائی ہیں اور یہ اسلامی بھائی چارے کے ناطے ایک مضبوط بندھن میں جڑے ہوئے ہیں ۔ان کی خدمت ہمارا مذہبی اور اخلاقی فرض بنتاہے یہ کوئی ان پر احسان نہیں ۔اس دوران صوبے کے مختلف جیلوں کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ہری پورکے جیلوں کے بارے میں بھی تفصیلی بات چیت ہوئی باالخصوص صوبے کے جیلوں میں مقید غیر رجسٹرڈ افغان باشندوں کے مسائل پر خصوصی گفتگو ہوئی۔

ملک قاسم خان نے یہاں پر جیلوں میں قیدی افغان عوام کے بارے میں انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کاذکرکرتے ہوئے مہمان کو اپنے مزید ہرممکن تعاون کایقین دلایا اورقیدیوں کی مزید بہتراندازمیں دیکھ بھال یقینی بنانے کے لئے اصلاحات کی یقین دہانی کرائی ۔ ڈاکٹر عبداﷲ پویان نے صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مشیر وزیر اعلیٰ کو افغانستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔