خیبرپختونخوا میں صنعتوں کے استحکام کیلئے اپنے وسائل سے پیدا ہونے والی سستی پن بجلی دیں گے، عاطف خان

منگل 8 مارچ 2016 19:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 مارچ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم وانرجی اینڈپاور محمد عاطف خان نے محکمہ انرجی اینڈپاور کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے میں صنعتوں کے استحکام اوران کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لئے اپنے وسائل سے پیدا کی جانے والی سستی پن بجلی کی انڈسٹریل اسٹیٹس کوفراہمی یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں تاکہ صنعتی شعبے کو فروغ دے کر صوبے کی معیشت کو مضبوط و مستحکم کریں اور غربت و بے روزگاری کا خاتمہ ہو۔

یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں صوبے کے پاور ہاؤسزسے انڈسٹریل اسٹیٹس کوسستی بجلی کی فراہمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری انرجی اینڈپاورانجینئر نعیم خان،چیئرمین خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈیویلپمنٹ مینجمنٹ کمیٹی غلام دستگیر،چیف پلاننگ آفیسر انرجی اینڈپاورسید زین اﷲ شاہ،سی ای اوخیبر پختونخوا اکنامک زون محسن سید،سی ای اوپیڈو اکبرایوب اورسی ای اوخیبر پختونخواآئل اینڈگیس کمپنی لمٹیڈ رضی الدین نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صنعتوں کو سستی اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی کامختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کئی اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اکتوبر 2016ء تک محکمے کو56.6میگا واٹ بجلی میسر ہو گی جسے صوبے کے انڈسٹریل اسٹیٹس کو فراہم کیا جائے گا۔اجلاس میں عوام کو ناروا لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لئے گیس سے سستی بجلی پیدا کرنے کے طریقہ کار پربھی غور کرنے کے علاوہ وفاق کے ذمہ پیہور ہائیڈل اسٹیشن کے واجب الادا 974ملین روپے کی فوری ادائیگی کے لئے وفاقی حکومت اور صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کی غرض سے بجلی کا ویلنگ سسٹم لانے کے لئے وزارت پانی و بجلی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں اس رقم کا استعمال خیبر پختونخوا اکنامک زون ڈیویلپمنٹ مینجمنٹ کمیٹی کے وضع کردہ پلان کے مطابق ہو گا۔وزیرانرجی اینڈپاور نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ صوبے کا سب سے بڑا اور اہم مسئلہ غربت اور بے روزگاری ہے اور صنعتی شعبے کو فروغ دیئے بغیر اس مسئلہ کا کوئی اور حل ممکن نہیں لہذاپی ٹی آئی کی تمام تر توجہ صنعتوں کے فروغ پر ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ صوبے میں دستیاب ہائیڈل، ہائیڈرو کاربن، گیس اور تیل جیسے قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے فوری اور جامع لائحہ عمل تیار کریں تاکہ عوام کی زندگی میں حقیقی تبدیلی لاکر پی ٹی آئی کے تبدیلی کے نعرہ کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :