ڈسٹرکٹ کونسل بدین میں اندھیر نگری ،ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر معطل ہونے کے باوجود عہدے پر برقرار

منگل 8 مارچ 2016 19:03

پنگریو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 مارچ۔2016ء) ڈسٹرکٹ کونسل بدین میں اندھیر نگری کا راج، او پی ایس پر تعینات انتہائی با اثر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر معطل ہونے کے ایک ماہ بعد بھی عہدے پر برقرار، ضلع کونسل کے حاضر سروس ملازمین اور پینشروں کی تنخواہوں کے لئے آنے والی رقم میں زبردست کرپشن ، ملازمین اور پینشرز پانچ ماہ کی تنخواہوں سے محروم، عمر رسیدہ پینشروں کو دفتر طلب کر کے خود غائب ہوگیا، لیبر یونین کا غیر قانونی طور پر تعینات اکاؤنٹس آفیسر کی کرپشن اور ملازمین کو تنگ کر نے کے خلاف حتجاج۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے اوپی ایس پر تعینات سرکاری ملازمین کو ان کی اصل پوسٹوں پر مقرر کر نے کے احکامات کے باوجود ڈسٹرکٹ کونسل بدین کے اکاؤنٹس آفیسر کی پوسٹ پر ایک جونیئر آفیسر آغاخرم گل نہ صرف بدستور تعینات ہے بلکہ معطل ہو نے کے ایک ماہ بعد بھی چارج چھوڑ نے کے لئے تیار نہیں ہے اور معطلی کی حالت میں ہی ڈسٹرکٹ کونسل کے تمام مالی معاملات چلا رہا ہے انتہائی با اثر اس جونیئر ا کاؤنٹس آفیسر نے محکمہ بلدیات کی جانب سے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کے عہدے پر تعینات کئے جانے والے سینئر اورگزٹیڈ آفیسر نوید کولاچی کو چارج دینے سے انکار کر دیا اور انتہائی با اثر حکام کے ذریعے اسے ڈسٹرکٹ کونسل بدین سے دہمکیاں دے کر واپس کراچی روانہ کر دیا جس کے بعد محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ نے گیارہ فروری کو آرڈر جاری کرتے ہوئے اوپی ایس پر تعینات اس جونیئر آفیسر کو معطل کر دیا تاہم اس کاؤنٹس آفیسر کی دیدہ دلیری کی انتہا ہے کہ معطلی کے ایک ماہ بعد بھی اس نے چارج نہیں چھوڑا اور بدستور وہ ڈسٹرکٹ کونسل کے اکاؤنٹس آفیسر کی پوسٹ پر غیر قانونی طریقے سے قابض ہے اورمعطلی کی حالت میں ہی ڈسٹرکٹ کونسل کے کروڑوں روپے کے مالی معاملات چلا رہا ہے اور ڈسٹرکٹ کونسل کے وسائل کو لوٹنے میں مصروف ہے ڈسٹرکٹ کونسل بدین کے ذرائع کے مطابق اس بد عنوان اکاؤنٹس آفیسر نے ضلع کونسل کے حاضر سروس ملازمین اور پینشروں کی تنخواہوں کے بجٹ میں بھی زبردست کر پشن کی ہے جس کی وجہ سے حاضر سروس ملازمین اور پینشرز پانچ ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں ذرائع کے مطابق آغا خرم گل ڈسٹرکٹ کونسل کے عمر رسیدہ پینشروں کی پیشن بند کر کے انہیں اپنے دفتر طلب کر رہا ہے مگر جب یہ معمر پینشرز ضلع کے دور دراز علاقوں سے ڈسٹرکٹ کونسل آفیس پہنچتے ہیں تو یہ اکاؤنٹس آفیسر دفتر میں موجود نہیں ہوتا اور پینشرز مایوس واپس لوٹ آتے ہیں اس ضمن میں پنگریو اور ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے پینشرز نے اپنے نام شائع نہ کر نے کی درخواست پر بتایا کہ موجودہ اکاؤنٹس آفیسر نے انہیں بلاجواز طور پر پریشان کر رکھا ہے اور پانچ پانچ ماہ کی پینشن روکنے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے دفتر بلا کر خود دفتر سے غائب ہوجاتا ہے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ کونسل کے ملازمین کی نمائیندہ تنظیم الشہباز لیبر یونین کے صدر محمد خان جمالی، جنرل سیکریٹری وزیر علی خاصخیلی اور خزانچی عاشق علی نے رابطہ کر نے پر مذکورہ معاملات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آغا خرم گل سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہ صرف اوپی ایس پر اکاؤنٹس آفیسر کی پوسٹ پر تعینات ہے بلکہ اپنی معطلی کے ایک ماہ بعد بھی اس عہدے پر قابض ہے اور ڈسٹرکٹ کونسل کے مالی معاملات چلا رہا ہے ملازمین اور پینشنرز کو کئی ماہ سے تنخواہیں اور پینشن ادا نہیں کی جا رہی اور بجٹ میں زبردست کرپشن اور بد عنوانیاں کر نے کے ساتھ ساتھ ملازمین اور پینشروں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ اپنی تنخواہوں کے حصول کے لئے فی ملازم منتھلی ادا کریں انہوں نے کہا کہ جس مہینے ملازمین کو تنخواہ یا پینشن ادا کی جاتی ہے وہ بھی مہینے کے آخر میں کی جاتی ہے حالانکہ فنانس ڈپارٹمنٹ سے تنخواہوں کی رقم ہر ماہ کی پہلی یا دوسری تاریخ کو ہی ریلیز کر دی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کونسل بدین میں اس اکاؤنٹس آفیسر نے اپنا الگ قانون بنا رکھا ہے تاہم حیرت کی بات ہے کہ معطل ہونے کے باوجود یہ اکاؤنٹس آفیسر دھڑلے کے ساتھ او پی ایس پر اس پوسٹ پر تعینات ہے اور اسے اس پوسٹ سے ہٹایا نہیں جارہا اور اس اکاؤنٹس آفیسر نے سپریم کورٹ کے احکامات کو بھی مذاق بنا دیا ہے جس کا فوری نوٹس لیا جائے اوراس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔