نفاذ اسلام سے عورت کو اس کا اصل مقام اور حقوق مل سکتے ہیں، صائمہ شبیر

پیر 7 مارچ 2016 22:39

لاہور۔07مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء )خواتین کو ان کا اصل مقام اور حقوق صرف نفاذ اسلام سے ہی مل سکتے ہیں ‘اسلام مرد کو عورت پر جبر اور ظلم کرنے کی اجازت نہیں دیتا، مغرب کا مادرپدر آزادی کا نظام عورت کی عزت کی بجائے اس کی تذلیل کا باعث بن رہا ہے - اس امر کا اظہار الخدمت خواتین فاؤنڈیشن خواتین ونگ کی ناظمہ صائمہ شبیر نے خواتین کے عالمی دن کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا- صائمہ شبیر نے کہا کہ اسلام واحد دین ہے جس نے عورت کو بحیثیت ماں، بیوی ، بہن اور بیٹی نہ صرف مکمل تحفظ فراہم کیا ہے بلکہ جائیداد سمیت ہر شعبہ زندگی میں اس کے حقوق کا تعین کیا ہے‘ اسلامی معاشرے میں ایک ماں ہی بچے کی تربیت کی بہترین درسگاہ ہے- انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ زیادہ عورت کی عظمت کیا ہو سکتی ہے کہ اسلام نے ماں کے پاؤں تلے جنت قرار دی ہے اور اس کے کسی بھی رشتہ کے حوالہ سے اس کے حقوق اور فرائض کا تعین کر دیا ہے -انہوں نے کہا کہ اسلام نے خاوند کے حقوق کے ساتھ بیوی کے حقوق کا بھی تعین کیا ہے اور کسی جماعت یا گروہ کو یہ اختیار نہیں دیا کہ وہ خواتین کو جو اسلام نے حق دیا ہے اس کو سلب کرے۔