پاکستانی خواتین میں اپنے حقوق کے حوالہ سے شعور اجاگر کرنے اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں بلاامتیاز یکساں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے

قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرپرسن جسٹس (ر) علی نواز چوہان کا سیمینار سے خطاب سیمینار سے پنجاب کی وزیرحمیدہ وحیدالدین، ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی ثمینہ بیگ، جوناتھن پریٹ اور ثمینہ نذیر کا بھی خطاب

پیر 7 مارچ 2016 22:22

اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء) قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرپرسن جسٹس (ر) علی نواز چوہان نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین میں اپنے حقوق کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں بلاامتیاز یکساں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ پیر کو امریکی سفارتخانے کے اشتراک سے خواتین کی قابل ذکر صلاحیتوں کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

کمیشن کے چیئرپرسن نے کہا کہ خواتین کو جب بھی استعداد کاربڑھانے اور یکساں مواقع میسر آئے انہوں نے ہمیشہ قابل ذکر صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اپنی اہلیت اور قابلیت ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین ہماری آبادی کا 50فیصد حصہ ہیں، کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی کی منزل حاصل نہیں کرسکتی جب تک خواتین کو یکساں ترقی کے مواقع کی فراہمی کو یقینی نہ بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے پنجاب کی وزیر برائے ترقی نسواں حمیدہ وحیدالدین نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا وقار کے ساتھ تحفظ کیا جانا چاہئے، خواتین پر گھریلو تشدد ایک لعنت ہے جس کے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرتے وقت درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر عزم کے ساتھ کام کیا جائے تو کوئی بھی کام ناممکن نہیں ہے اور سخت محنت کے بغیر کوئی بھی کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں ۔

امریکن سفارتخانے کے ڈپٹی چیف مشن جوناتھن پریٹ نے اپنے خطاب میں پاکستانی خواتین کی ترقی کے لیے امریکی منصوبے کے بارے میں بتایا کہ امریکی سفارتخانہ حکومت پاکستان کے اشتراک سے خواتین کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہا ہے‘ ہماری ان کوششوں کی بدولت نہ صرف پاکستانی خواتین کی ایک قابل ذکر تعداد اپنے گھرانوں کی مالی مددکر رہی ہے بلکہ وہ ملک و قوم کے لیے باعث فخر بن چکی ہیں ۔ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے ڈائریکٹر پوڈا ثمینہ نذیر نے کہا کہ سول سوسائٹی اور حکومت کی کوششوں کے باعث پاکستان میں خواتین کی حالت بہتر ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :