خیبر پختونخوا سمیت پورا ملک اس وقت دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے ، پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی کی وجہ سے بہت بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں ،دہشت گردوں سے زیادہ خطرناک ان کے سہولت کار ہیں جن کی نشاندہی عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہے،معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں جو کسی رعایت کے مستحق نہیں

صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 7 مارچ 2016 21:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مارچ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے شبقدر میں ہونے والے دھماکہ کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے دھماکہ کے نتیجے میں بے گناہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقع کو انتہائی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔

انہوں نے دھماکہ میں زخمی ہونیوالوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ میڈیاکے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات کاکہناتھاکہ خیبر پختونخوا سمیت پورا ملک اس وقت دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے شبقدر کاعلاقہ مہمند ایجنسی کیساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے انتہائی حساس ہے۔مشتاق احمد غنی کا کہناتھاکہ پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی کی وجہ سے بہت بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں موجودہ حکومت نے پورے صوبے میں سیکیورٹی امور بہت بہتر کئے ہوئے ہیں تاہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام کابھرپور تعاون درکار ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں سے زیادہ خطرناک ان کے سہولت کار ہیں جن کی نشاندہی عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔ مشتاق احمدغنی کاکہنا تھاکہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں جو کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکی ہدایت پر دھماکہ کے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی صوبائی دارالحکومت پشاور کے ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی تھی اور تمام زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ کیلئے پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کوشہداء پیکج کے تحت مالی امداد فراہم کی جائے گی اور زخمیوں کو بھی حکومتی پالیسی کے تحت مالی امداد فراہم کی جائے گی۔