پاکستا ن میں انٹر نیٹ کا بڑھتا ہوا استعمال کاروباری مواقع پیدا کررہا ہے

پیر 7 مارچ 2016 21:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مارچ۔2016ء)پاکستان میں انٹرنیٹ کے استعمال میں ہر گذرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے ،تاہم ملک اب بھی ویب کنیکٹیویٹی ترقی یافتہ مارکیٹس کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔انٹر نیشنل ٹیلی کمیو نیکیشن یونٹ(آئی ٹی یو)کے مطابق سال2015میں دنیا بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 3ارب20کروڑ ریکارڈ کی گئی جو کہ دنیا کی مجموعی آبادی کا 43فیصد بنتا ہے جبکہ ان صارفین میں سے2ارب صارفین ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں موجود ہیں۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ ترقی یافتہ دنیا میں انٹر نیٹ استعمال کرنے والے ایک صارف کے مقابلے میں ترقی پذیر ممالک بشمول پاکستان میں ایک انٹرنیٹ کنیکشن دو افراد استعمال کررہے ہیں۔آئی ٹی یو کے اعدادو شمار کے مطابق ترقی پذیر ممالک میں 34فیصد گھریلو صارفین کے پاس انٹر نیٹ کی سہولت موجو دہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک میں80فیصد گھریلو صارفین انٹر نیٹ سے استفادہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترقی یافتہ ممالک میں ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں انٹر نیٹ کے استعمال کازیادہ رجحان ہونے کے باوجود پاکستا ن اور مغرب سے باہر انٹر نیٹ کا تیزی سے بڑھتا ہوا پھیلاؤ ایشیا ،لاطینی امریکا،مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں آن لائن بزنس آپریٹ کرنے والوں کو نادر کاروباری موقع فراہم کرتا ہے۔گلوبل کنورسیشن ایجنسی کے مطابق مارچ2015تک پاکستان میں انٹر نیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد29.1ملین تھی ،19.6ملین فعال سوشل میڈیا یوزر،149.2ملین موبائل کنکشنز اور 16.2ملین فعال سوشل میڈیا یوزر موبائل فون کے پلیٹ فارم کو استعمال کرکے ملک میں انٹرنیٹ کے پھیلاؤ میں15فیصد کی شرح نمو کا باعث بن رہے ہیں۔

ابھرتی ہوئی مارکیٹیوں میں اب ملبو سات کی خریداری یا مکان کی تلاش کیلئے آن لائن پریکٹس معمول کی بات ہوگئی ہے اور یہ ٹاسک ایمرجنگ ممالک میں مقبولیت کی سند حاصل کررہے ہیں۔گلوبل پراپرٹی پورٹل لامودی کی ایک حالیہ ریسرچ کے مطابق ایشیا اور لاطینی امریکا کے ممالک میں رئیل اسٹیٹ کی تلاش کیلئے آن لائن پلیٹ فارم بنیادی آلے کی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔

لامودی پاکستان کی جانب سے مقامی رئیل اسٹیٹ ایجنسٹس سے کئے گئے سروے میں 80فیصد افراد اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ موبائل انٹر نیٹ پاکستان میں رئیل اسٹیٹ انڈسٹری میں تیزی سے تبدیلی لارہا ہے۔لامودی پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر سعد ارشد کا کہنا ہے کہ پاکستانی کاروباری افراد اور انٹر پرینیورز ملک میں زیادہ افراد کے آن لائن ہونے سے اپنے اپنے کاروبار میں مزید ترقی کی توقعات رکھ سکتے ہیں،باقی پورے ایشیا ،لاطینی امریکا اور اس سے آگے بھی ہم یہی رجحان دیکھ چکے ہیں اور آن لائن رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے باعث ایمرجنگ مارکیٹ میں مکانوں کی تلاش میں سرکردہ افراد کی بڑی تعداداپنے خوابوں کے گھر ڈھونڈنے کیلئے لامودی جیسے پراپرٹی پلیٹ فارم کی جانب راغب ہوگئی ہے۔