جمشید دستی نے اپنی نئی سیاسی جماعت عوامی راج پارٹی کے قیام کی تصدیق کردی ، 23مارچ کو باقاعدہ اعلان کریں گے

پارٹی میں کوئی پرانا چہرہ شامل نہیں کیا جائے گا،پارٹی کا منشور عام آدمی بنائے گا،اقتدار میں آکرصدرپاکستان اور مزدور کی تنخواہ برابرکردیں گے، رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی خصوصی گفتگو

پیر 7 مارچ 2016 20:05

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مارچ۔2016ء) آزاد طور پر منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی جمشید خان دستی نے عوامی راج پارٹی کے نام سے اپنی نئی سیاسی جماعت بنانے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ 23مارچ کویوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں باقاعدہ اعلان کریں گے۔عام اور مزدور طبقے کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا۔

جنوبی پنجاب ،اندرون سندھ کے ہزاروں لاکھوں غریب کسان ،مزدور پارٹی کے ممبر ہوں گے۔پارٹی میں کوئی پرانا چہرہ نہیں شامل کیا جائے گا۔برسراقتدارآکر صدرپاکستان اور مزدور کی تنخواہ برابر کردیں گے۔ پیر کو اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مارچ۔2016ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور اندرون سندھ میں جاگیرداروں،سیاستدانوں کے ہاتھوں پسے ہوئے لاکھوں مزدور،کسان ،ہاری ہماری طرف امید کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عام آدمی کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کیا۔نئی سیاسی جماعت کی ممبرشپ پورے ملک میں کریں گے۔عوامی راج پارٹی غریب کسانوں اور لیبرکلاس کی ترجمانی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔میں نے ہمیشہ اسمبلی کے فلور پر غریب مزدوروں اور عام آدمی کے حق میں بات کی۔

میرا تعلق خود ایک مزدور گھرانے سے ہے۔جاگیرداروں ،وڈیروں کے ہاتھوں پسے ہوئے غریب مزدوروں اور کسانوں کے مسائل مجھ سے بہتر کوئی نہیں جان سکتا۔23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرکے باقاعدہ نئی سیاسی جماعت کا اعلان کروں گا۔پارٹی کا پہلا جلسہ ملتان میں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی میں کوئی پرانا چہرہ نہیں ہوگا۔لیبرکلاس کی عوامی پارٹی ہوگی۔اقتدار میں آئے تو تعلیم اور صحت کی سہولیات میں بہتری اور طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ اولین ترجیح ہوگا۔برسراقتدار آکر پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔صدرپاکستان اور مزدور کی تنخواہ برابر ہوگی۔نئی سیاسی جماعت کا منشور بھی عام آدمی بنائے گا۔