پاکستان میں ہر شہری کواظہار رائے کا حق حاصل ہے ،نثار احمد کھوڑو

گزشتہ 20 سالوں سے ایم کیو ایم کا تعلق ایک ایجنسی سے تھا تو اس وقت مصطفی کمال کیوں خاموش تھے،وزیر تعلیم سندھ

پیر 7 مارچ 2016 19:30

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) سینئر صوبائی وزیر تعلیم سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر شہری کواظہار رائے کا حق حاصل ہے گزشتہ 20 سالوں سے ایم کیو ایم کا تعلق ایک ایجنسی سے تھا تو اس وقت مصطفی کمال کیوں خاموش تھے سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہیے الزامات کی انکوائری ہونی چاہیے جس سے سیاہ سفید صاف ظاہر ہوجائے گا گزشتہ سال صوبے کے اسکولوں میں 40 لاکھ شاگرد تعلیم حاصل کررہے تھے اب ان کی تعداد 48 لاکھ ہوگئی ہے جو سندھ حکومت اور محکمہ تعلیم کی کارکردگی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ناز پائلٹ ہائی اسکول خیرپور میں سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے مفت کتب تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے پاکستان کی بقاء اور ترقی کے لیے وطن واپسی کو ترجیح دی پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور جیالوں نے پاکستان اور سندھ کی ترقی کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں سندھ ہماری دھرتی ماں ہے جس کی ترقی اور مزید خوشحالی ہر قیمت پر کریں گے سندھ کے اسکولوں میں پڑھنے والے 48 لاکھ طلباء کے لیے 1 ارب 60 کروڑ روپے کی کتابیں چھپوائی ہیں جو تمام اضلاع میں پہنچا دی گئی ہیں جو سندھ حکومت اور محکمہ تعلیم کی کارکردگی ہے ۔

سینئرصوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے سکھر ،خیرپور اور گھوٹکی میں بند اسکولوں کی رپورٹ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام ڈی اوز کو ھدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر درست اعدادو شمار کے ساتھ رپورٹ ارسال کریں جس سے مردم شماری میں مدد مل سکے گی ۔سینئر صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ سندھ حکومت اور محکمہ تعلیم نے 15 سال پرانا نظام تعلیم تبدیل کیا ہے 18 ہزار اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا ہے گزشتہ سال 4 لاکھ طالبات کو ایک ارب روپے بطور وظیفہ دیا ہے اور اس سال بھی دیں گے پورے پاکستان میں صرف سندھ اسمبلی میں اسٹینڈرڈآف ایجوکیشن کا قانون پاس کیا گیا ہے جس سے تعلیمی اداروں میں معیارتعلیم مزید بہتر ہوگا انہوں نے ہیڈ ماسٹروں و اساتذہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی دلچسپی ، مثبت سوچ اور اپنے پیشے سے سچائی کرتے ہوئے والدین میں شعور بیدار کریں کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں سندھ پر سے غیر تعلیم یافتہ ہونے کا داغ دھلنا چاہیے جس کے لیے سندھ حکومت اور محکمہ تعلیم کی جانب سے پہلی تا میٹرک تعلیم مفت کرنے کے ساتھ کتابیں اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک نظام کے تحت اسکولوں میں مثبت تبدیلی آرہی ہے انہوں نے کہا کہ ملائشیامیں 10 ہزار اسکول ہیں اور 4 لاکھ اساتذہ ہیں اور وہ تعلیمی میدان میں آگے جارہے ہیں ہم سب کو بھی سندھ کی ترقی کے لیے اپنا کردار پیش کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو تربیت اور شارٹ کورسز کرائے جائیں گے اساتذہ جوش اور جذبے کے ساتھ بچوں کو پڑھائیں سندھ دھرتی کا ہم پر قرض ہے جس کے لیے سندھ صوبے کو تعلیم کے میدان میں آگے لانا ہوگا تعلیم کا تمام خرچ برداشت کررہے ہیں استاد ہمت اور حوصلے سے پڑھائیں انہوں نے سندھ کے نامور مفکر اور تعلیمی ماہرین نبی بخش بلوچ اور دیگر کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے بھی سرکاری اسکولوں سے تعلیم حاصل کرکے سندھ کا نام روشن کیا انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی ضرورت کیوں پیش آئی اساتذہ جب اسکول اور بچوں کو اپنا سمجھ کر پڑھائیں گے تو اسکول خود اپنا لوہا منوائے گا سندھ کو تعلیم دوست منوانا ہے انہوں نے اساتذہ کو ہدایت دی کہ وہ میرا ساتھ دیتے ہوئے اسکولوں میں تعلیم کے فروغ میں محنت ، توجہ اور محبت سے اپنا کردار پیش کریں اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری قانون، ایجوکیشن اینڈ لٹریسی اور چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ سید ذاکر حسین شاہ ، ڈائریکٹر اسکول سکھر آپا زیب النساء منگی،ایڈوائزر ٹیکنیکل سید اعجاز شاہ ، ڈی او لیاقت علی خاصخیلی ،نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خیرپور میں 10 اسکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت دیے گئے ہیں بند اسکولوں کو جلد فعال کیا جائے گا ۔

دریں اثناء سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے اسکولوں میں بائیومیٹرک نظام کے تحت رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا اس موقع پر بائیو میٹرک نظام کے آرگنائزر ہادی بخش کھوکھر نے سینئرصوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑوکو بریفنگ دی اس کے علاوہ سینئر صوبائی وزیر نے ناز پائلٹ ہائی اسکول کے تمام شعبوں کا دورہ کیا ۔