ان ہاوس پروڈکشن یک نکاتی ایجنڈا ہے، عطاالحق قاسمی

پی ٹی وی کے شاندار اور سنہری دور کی واپسی کے لیے نئے عزم اور ولولے سے کام کرنا ہو گا، چیئرمین پاکستان ٹیلی ویژن

پیر 7 مارچ 2016 19:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) پاکستان ٹیلی ویژن کے چیئرمین عطاالحق قاسمی نے کہا ہے کہ ان ہاوس پروڈکشن ان کا یک نکاتی ایجنڈا ہے،پی ٹی وی کے شاندار اور سنہری دور کی واپسی کے لیے ہمیں نئے عزم اور ولولے سے کام کرنا ہو گا۔ چیئرمین پی ٹی وی کو پی ٹی وی ایمپلائز یونین (سی بی اے) ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے یونین آفس میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

پی ٹی وی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی وی نے سی بی اے یونین کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آپ کی یونین کارکنوں کے مفادات کے ساتھ ساتھ ادارے کے استحکام کے لیے بھی پوری تندہی سے کوشاں ہے۔ادارے کی خوشحالی اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے آپ مجھے ہمیشہ اپنا ہم قدم پائیں گے۔

(جاری ہے)

پی ٹی وی ایمپلائز یونین سی بی اے کے مرکزی جنرل سیکرٹرل لیاقت علی تارڑ نے یونین آفس آنے پر چیئرمین پی ٹی وی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا عطاالقاسمی جیسی شخصیت کی سرپرستی ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔ ادارے کی ترقی کے لیے چیئرمین پی ٹی وی کو ہماری بھرپور تائید حاصل رہے گی۔ کارکنان اعلی حکام کی ڈائریکشن کے منتظر ہے۔ ان ہاوس پروڈکشن کو جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ پی ٹی وی کے باصلاحیت کارکن اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کر سکیں۔لیاقت تارڑ نے امید ظاہر کی ہے چیئرمین کی طرف سے کارکنوں کے جذبات کی قدردانی کی جائے گی۔سی بی اے یونین کے سرپرست اعلی اقبال شاہین نے کہا کہ عطا القاسمی کا شمار ملک کی قد آور ادبی شخصیات میں ہوتا ہے۔ ہمیں یقین کامل ہے کہ وہ ادارے کی ترقی کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :